مقبوضہ کشمیر، ستمبر میں قابض فورسز نے 17 نوجوانوں کو شہید کیا

October 02, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں گزشتہ ماہ ستمبر کے دوران 17 کشمیریوں کو شہید کیا ۔ کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق شہید ہونے والوں میں سے 10نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا۔ اس ماہ کے دوران علاقے میں بھارتی پولیس اور پیراملٹری فورسز اہلکاروں کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے 7نوجوان شدید زخمی ہوئے۔ کم از کم 140شہریوں کو گرفتار کیا گیا جن میں علمائے دین، نوجوان اور سماجی وسیاسی کارکن شامل ہیں اور ان میں سے زیادہ تر کیخلاف پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ فوجیوں نے گزشتہ ماہ محاصرے اور تلاشی کی 162 کارروائیوں کے دوران چار رہائشی مکانات کو بھی تباہ کیا۔ دریں اثناء غیر قانونی طور پر نظر بندکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما الطاف احمد شاہ جو سرطان میں مبتلا ہیں،کے اہل خانہ نے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ الطاف شاہ کی بیٹی اور کشمیری صحافی رووا شاہ نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ان کے والد کو گردوں کے سرطان کی تشخیص ہوئی ہے اور یہ ہڈیوں سمیت ان کے جسم کے دیگر حصوں میں پھیل چکا ہے۔ انہوں نے اپنے پورے خاندان کی جانب سے بھارتی حکام سے درخواست کی کہ وہ انہیںنظربند رہنما سے ملنے دیں اور صحت کی بنیاد پر ان کی ضمانت کی درخواست پر غور کریں۔ الطاف شاہ گزشتہ پانچ سال سے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپرنظربند ہیں۔