حدیقہ کیانی کا سوشل میڈیا صارفین کے نام اہم پیغام

October 04, 2022

فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی ممتاز گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اداکاری کے جوہر دِکھائے تو مداحوں نے بھی انہیں ایوارڈ سے نواز دیا۔

گزشتہ دنوں کینیڈا میں منعقد ہونے والے ایواڈ شوز میں حدیقہ کیانی کو ’بیسٹ نیو سینسیشن‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا لیکن وہ اس وقت سیلاب زدگان کی بحالی میں مصروف عمل تھیں اور کینیڈا نہ جاسکیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور سوشل میڈیا پر، ایوارڈز شو میں شرکت کرنے والوں پر تنقید اور نہ کرنے والوں کی پذیرائی، کی جاری جنگ کو تالا لگا دیا۔

کئی سوشل میڈیا صارفین نے ایوارڈ شو کو دیگر وجوہات کے ساتھ اس لیے بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ اس میں اقرباپروی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے یا پھر اُنہیں ہی اعزاز سے نوازا جاتا ہے جو شو میں شرکت کرکے اسے چار چاند لگا دیتے ہیں۔

حدیقہ کیانی نے ایوارڈ شو کی تقریب سے ایک کلپ شیئر کیا جس میں انہیں ’بیسٹ نیو سینسیشن‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

انہوں نے اس کلپ کے ساتھ طویل کیپشن لکھا جس میں ساتھی فنکاروں، مذکورہ ڈرامے کے ہدایت کار اور رائٹر کا نام لے کر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ خود کو اس ایوارڈ کے لیے مناسب نہیں سمجھتی۔

کیپشن کے اختتام میں انہوں نے سوشل میڈیا صارفین کو پیغام دیا کہ ’ میں جانتی ہوں کہ آپ سب ملکی حالات سے پریشان ہیں، لیکن اس کا غصہ دوسروں پر نکالنے کی بجائے مسائل کا حل تلاش کریں ایک دوسرے کی مدد کریں۔

مسائل کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہمیں خوشیاں منانے کا حق نہیں ہے یا ہم اپنا کام نہیں کرسکتے بلکہ اس کا مطلب ہے کہ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ اس دنیا کو بہتر بنانے میں بھی اپنا حصّہ ڈالتے رہنا چاہئے‘۔