سیلاب زدگان کی امداد کیلئے یورپین پارلیمنٹ میں کل بحث ہو گی

October 04, 2022

فائل فوٹو

پاکستان میں سیلاب زدگان کی صورت حال اور ان کی امداد پر یورپین پارلیمنٹ میں کل بحث ہو گی۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق اسٹراسبرگ میں جاری یورپین پارلیمنٹ کے اجلاس میں سیلاب کی تازہ ترین صورت حال پر گفتگو کے علاوہ پارلیمان کی جانب سے یورپین امداد کی فراہمی کے لیے اقدامات کی توثیق بھی کی جائے گی۔

اس حوالے سے یورپین یونین بیلجیئم اور لکسمبرگ کے لیے پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان بھی اسٹراسبرگ پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات کر کے انہیں کل کے اجلاس کے لیے پاکستان کی ضروریات اور ریاستی سطح پر کی جانے والی کاوشوں کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے یورپین پارلیمنٹ کی ڈویلپمنٹ کمیٹی میں پاکستان میں آنے والے سیلاب پر ابتدائی بحث ہوئی تھی، جس کے بعد اس قدرتی آفت کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا تھا کہ اس کو پارلیمنٹ کے اجلاس کی کارروائی میں شامل کیا جائے۔