ایم ایم اے کے رنگ میں پاک بھارت ٹاکرا ہفتہ کو ہوگا

October 04, 2022

علامتی فوٹو

پاکستان اور بھارت کے ایم ایم اے فائٹرز کا ٹاکرا ہفتہ کو ہوگا، پاکستان کے عبداللّٰہ چانڈیو بھارتی حریف محمد شعیب سے مقابلہ کریں گے۔

پاکستان کے مکس مارشل آرٹ (ایم ایم اے) نیشنل چیمپئن عبداللّٰہ چانڈیو اور بھارتی فائٹر محمد شعیب کے درمیان مقابلہ 8 اکتوبر کو ہوگا۔

عبداللّٰہ چانڈیو گزشتہ 15 فائٹس میں ناقابلِ شکست رہے ہیں، انہوں نے 10 فائٹس میں حریف کو ناک آؤٹ بھی کیا ہے۔

عبداللّٰہ نے اپنی آخری فائٹ مارچ 2022 کو افغانستان کے خلاف کھیلی تھی، عبداللّٰہ چانڈیو ویلٹرویٹ کیٹیگری میں بھارت کے محمد شعیب سے مقابلہ کریں گے۔

محمد شعیب نے اپنی آخری فائٹ 5 ماہ قبل کھیلی تھی، جس میں انہوں نے اپنے ہم وطن کو شکست دی تھی۔

دو حریف ممالک کے درمیان مکس مارشل آرٹ کی آخری فائٹ گزشتہ برس دسمبر میں ہوئی تھی جس میں پاکستان کے احمد مجتبیٰ نے بھارت کے راجو کو 56 سیکنڈز میں ناک آؤٹ کردیا تھا۔