کارپوریشن: محرم میں ہونیوالے ترقیاتی کاموں کے بلز کلیئر نہ ہو سکے

October 05, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) ٹھیکیداروں نے الزام عائد کیا ہے کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے شعبہ انجینئرنگ برانچ نے مکمل ہونے والے ترقیاتی کاموں کو بھی کمائی کا ذریعہ بنا لیا ، افسران کی جانب سے محرم روٹس پر ہونے والے ترقیاتی کاموں کے بلز کلیئر کرنے کے لئے ٹھیکیداروں سے مزید کمیشن کا مطالبہ کیا گیا ہے ، ٹھیکیداروں کے انکار پر بلوں کی ادائیگی روک لی گئی ہے - ٹھیکیداروں نے بل کلیئر نہ ہونے کا ذمہ دار انجینئرنگ برانچ کے افسران کو قرار دے دیا۔ ٹھیکیداروں کے مطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے محرم الحرام کے روٹس پر کروڑوں روپے مالیت کے ترقیاتی کام تو کروا لئے ہیں ، تاہم دو ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں نہیں کی جا سکی ہیں - معلوم ہوا ہے کہ چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے مابین عدم اعتماد کی فضا کے باعث گزشتہ 8 ماہ کے عرصہ میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے بلز بھی التواء کا شکار ہیں ، جس پر ٹھیکیدار شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہیں ، انجینئرنگ برانچ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے افسران نے ٹھیکیداروں سے بلز کلیئر کروانے کے لئے مزید کمیشن کا تقاضا کیا ہے ، کمیشن نہ دینے پر مذکورہ ترقیاتی کاموں کی فائلیں تعطل کا شکار رہنے کی دھمکی دی گئی ہے ، دوسری جانب ادائیگیاں نہ ہونے پر ٹھیکیداروں نے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے -