وزارت داخلہ کا ضمنی انتخاب کے التوا کیلئے الیکشن کمیشن کو خط

October 07, 2022

وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو 16 اکتوبر کے ضمنی الیکشن 90 دن کےلیے ملتوی کرنے کےلیے خط لکھ دیا، جس میں دی گئی درخواست کا بھی ذکر ہے۔

وزارت داخلہ نے خط میں کہا کہ سیلاب اور اُس کے بعد بیماریوں بالخصوس ڈینگی سے صورتحال خراب ہونے پر الیکشن کمیشن نے ضمنی اور بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے تھے۔

خط میں کہا گیا کہ پاک فوج اور ایف سی وسیع پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہے۔

وزارت داخلہ نے خط میں مزید کہا کہ وفاق اور صوبوں کی زیادہ تر توانائیاں اور وسائل بحالی کے کاموں میں لگے ہوئے ہیں۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ مستند اطلاعات ہیں کہ ایک سیاسی جماعت 12 سے 17 اکتوبر کے دوران اسلام آباد کا محاصرہ کرنا چاہتی ہے۔

وزارت داخلہ نے خط میں کہا کہ اسلام آباد کے محاصرے کی تاریخیں 16 اکتوبر کے ضمنی الیکشن سے مطابقت رکھتی ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ اسلا م آباد میں امن اور امان کی صورتحال برقرار رکھنے کےلیے بھاری نفری درکار ہوگی۔

وزارت داخلہ نے خط میں کہا کہ ایسی صورتحال میں آرمی، رینجرز اور ایف سی پر شدید دباؤ ہوگا، ان اداروں سے اضافی کام لیا گیا تو الیکشن کی ساکھ پر سوال اٹھ سکتے ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کرنے کا اختیار حاصل ہے، درخواست کی جاتی ہے کہ ضمنی انتخابات 90 دن کے لیے ملتوی کیے جائیں۔