والد نہیں بھائی کی ٹرولنگ پر پریشان ہوجاتی ہوں، شویتا بچن

October 22, 2022

امیتابھ بچن کی صاحبزادی شویتا بچن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے والد کے بجائے بھائی ابھیشیک بچن کے ٹرول ہونے پر پریشان ہوجاتی ہیں۔

اپنی صاحبزادی نویا نویلی نندا کے پوڈکاسٹ ’واٹ دی ہیل نویا‘میں شویتا بچن نے والدہ جیا بچن کے ہمراہ شرکت کی۔

دوران گفتگو شویتا بچن نے ابھیشیک بچن کے 20 سالہ فلمی کیریئر پر بھی بات چیت کی اور کہا کہ ناقدین بھائی کا موازنہ والد سے کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ابھیشیک بچن کی ٹرولنگ کرنے والے مجھے امیتابھ بچن پر تنقید کرنے والوں سے زیادہ پریشان کرتے ہیں۔

شویتا بچن نے مزید کہا کہ ابھیشیک بچن کا امیتابھ بچن سے موازنہ کرنا مناسب نہیں ہے، جب بھی دونوں پر تنقید کی جاتی ہے تو میں بھائی کے تحفظ کےلیے پریشان ہوجاتی ہوں۔

دوران گفتگو جیا بچن نے ابھیشیک بچن کے حسن مزاح کی تعریف کی، جس سے شویتا بچن نے بھی اتفاق کیا۔

نویا نے گفتگو کا حصہ بنتے ہوئے کہا کہ میں بھی نانا امیتابھ بچن کے بجائے ماموں ابھیشیک بچن کےلیے محسوس کرتی ہوں، مسلسل اُن کا بے جوڑ موازنہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نانا سے ماموں کا موازنہ کسی بھی انداز میں بنتا ہی نہیں ہے، آپ کسی کا کسی بہت ہی بڑے سے کیسے تقابل کرسکتے ہیں؟ پوچھتی ہوں کیا ان دونوں کا کوئی میچ ہے؟ زندگی بھر ایسا نہیں ہوسکتا۔

نویا نویلی نندا نے کہا کہ ٹھیک ہے آپ کو وہ کامیابی حاصل کرنی چاہیے جو ناپی جاسکے، یہ تو بالکل ہی غلط ہے کہ لوگ پوچھیں کہ تم نے 10 میں سے 8 کیوں لیے جب کہ تمہارے والد نے 10 لیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نے 8 اسکور تو کیا، آپ کسی کی کامیابی کو بالکل نظر انداز نہیں کرسکتے، خاندان میں کسی کے بہتر سے موازنہ تو بالکل بھی درست نہیں۔

شویتا نے بتایا کہ ابھیشیک بچن گزشتہ 20 سالوں سے اس صورتحال سے لڑرہے ہیں،جو درست نہیں ہے۔