• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیکولین نے ثبوتوں سے چھیڑ چھاڑ اور ملک سے فرار کی کوشش کی، ای ڈی

بھارتی اداکارہ جیکولین فرننڈس پر 200 کروڑ کے منی لانڈرنگ کیس میں ثبوتوں سے چھیڑ چھاڑ اور ملک سے فرار کی کوشش کا الزام لگایا گیا ہے۔

بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے عدالت میں جیکولین کی درخواست ضمانت پر جواب جمع کرادیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے جیکولین فرننڈس کی ضمانت میں توسیع کی درخواست پر ای ڈی کے جواب تک رسائی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا۔

جس میں کہا گیا کہ ای ڈی 200 کروڑ کی منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کررہی ہے، اداکارہ کے پاس بہت پیسہ ہے، وہ جاری تحقیقات میں مداخلت کرسکتی ہیں۔

جواب میں ای ڈی نے جیکولین فرننڈس کی درخواست ضمانت میں توسیع کی مخالفت کی اور کہا کہ اداکارہ نے کیس کی تحقیقات میں کبھی بھی معاونت نہیں۔

ای ڈی نے جواب میں کہا کہ جیکولین نے بھارت سے فرار کی ناکام کوشش کی لیکن لک آؤٹ سرکلر (ایل او سی) کی وجہ سے وہ ایسا کرنے میں ناکام رہیں۔

ہفتے کے روز دہلی کی عدالت میں 200 کروڑ منی لانڈرنگ کیس میں جیکولین کی عبوری ضمانت میں 10 نومبر تک توسیع کی گئی، اس کیس میں سُکیش چندرا شیکھر گرفتار ہے۔

عدالت نے ای ڈی کو تمام فریقین کو چارج شیٹ سمیت متعلقہ دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور سماعت 10 نومبر تک ملتوی کردی۔

تحقیقاتی ایجنسی نے 17 اگست کو عدالت میں چارج شیٹ پیش کی تھی، جس میں بھارتی اداکارہ کو کیس میں ملزم نامزد کیا تھا۔

سُکیش چندرا شیکھر نے مبینہ طور پر جیکولین کو 7 کروڑ سے زائد کے زیورات تحفے میں دیے، ملزم نے اداکارہ کے اہل خانہ کو مہنگی کاریں، بیگز، کپڑے، جوتے اور گھڑیاں بھی گفٹ کیں۔

گزشتہ روز سُکیش چندرا شیکھر نے اپنے وکیل کو خط لکھا کہ جیکولین فرننڈس کا 200 کروڑ کے گھوٹالے میں کوئی کردار نہیں ہے، تمام مہنگے تحائف اور لین دین اُس رشے کا حصہ تھے جو ہمارے درمیان رہا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید