دنیا کی طویل العمر بلی 27 سال کی ہو گئی

November 27, 2022

فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا

برطانیہ میں موجود فلوسی نامی بلی کو 27 سال کی ہونے پر گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل کر لیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ بلی اپنی زندگی کے دوران کئی لوگوں کے ساتھ پالتو جانور کے طور پر رہی تاہم اس وقت وہ ایک بلیوں کے تحفظ والے چیریٹی ادارے میں موجود ہے۔

رپورٹس کے مطابق دنیا میں اس وقت زندہ رہنے والی سب سے طویل العمر بلی کی صحت اچھی ہے تاہم اس کو رات میں دیکھنے میں مشکل ہوتی ہے اور سنائی بھی کم دیتا ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کا کہنا ہے کہ اس بلی کا انسانی عمر سے موازنہ کریں تو یہ 120 سال کے برابر ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس بلی سے قبل سب سے زیادہ عمر تک جینے کا ریکارڈ ٹیکساس کی بلی کے پاس 2005ء تک تھا جو 38 سال اور 3 دن تک زندہ رہی تھی۔

دوسری جانب دنیا کے طویل العمر کتے کا ریکارڈ امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے ایک پالتو کتے گینو کے پاس ہے جس کی عمر اس وقت 22 سال ہے۔