فیفا ورلڈ کپ: کیمرون، سربیا کا دلچسپ میچ 3-3 گول سے برابر

November 28, 2022

فیفا ورلڈکپ فٹبال میں کیمرون اور سربیا کا میچ 3-3 گول سے برابر ہوگيا۔

قطر کے الجنوب اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ جی کے مقابلے میں 1-3 کے خسارے میں جانے کے بعد کیمرون نے 4 منٹ کے دوران 2 گول کرکے اسکور 3-3 کردیا، جو میچ کے اختتام تک برابر رہا۔

گروپ جی کا دوسرا میچ کیمرون اور سربیا کے درمیان سنسنی خیز ثابت ہوا، کیمرون کے کیسٹیلیٹو نے 29 ویں منٹ میں پہلا گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔

سربیا نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں پولووچ کی گول کی بدولت مقابلہ برابر کردیا۔

دو منٹ بعد سیووچ نے دوسرا گول داغ دیا اور پہلا ہاف سربیا کی 1-2 کی برتری کے ساتھ ختم ہوا، 53ویں منٹ میں آغاز میں سربیا کے الیگزینڈر میٹرووچ نے گول کرکے کیمرون پر 1-3 کی برتری قائم کردی۔

پھر کیمرون کا شو شروع ہوا، 4 منٹ میں 2 گول کرکے یورپین سائیڈ کے خلاف مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا، پہلے ابوبکر نے 63 ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کیا، پھر 3 منٹ بعد ایرک میکسم کیمرون نے تیسرا گول کرکے میچ برابری پر پہنچا دیا۔