50 کروڑ صارفین کا ڈیٹا لیک، واٹس ایپ کی تردید

November 28, 2022

دنیا بھر میں موجود 50 کروڑ واٹس ایپ صارفین کا ڈیٹا لیک ہوگیا جسے ایک ہیکنگ فورم پر فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔

آن لائن تحقیقی جریدے سائبر نیوز کی رپورٹ کے مطابق فروخت کے لیے پیش کردہ ڈیٹا 84 ممالک میں موجود واٹس ایپ صارفین کا ہے جس میں ان کی ذاتی معلومات شامل ہیں۔

واٹس ایپ ترجمان نے ان دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سائبر نیوز نے غیر تصدیق شدہ اسکرین شاٹس سے یہ اخذ کیا کہ ڈیٹا لیک ہوگیا لیکن اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔

ہیکنگ فورم پر فروخت کے لیے ڈیٹا اپلوڈ کرنے والے شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ صرف امریکا کے تین کروڑ 20 لاکھ صارفین کا ڈیٹا موجود ہے۔

سائبر نیوز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ جب انہوں نے فروخت کنندہ سے رابطہ کیا تو اس نے ایک ہزار سے زائد برطانوی نمبر بطور ثبوت پیش کیے۔

ان نمبرز کی جانچ کی گئی تو وہ سب درست تھے اور ان کے واٹس ایپ اکاؤنٹ بھی موجود تھے۔