بیٹل آف برٹین انگلینڈ کے نام

November 30, 2022

فٹ بال ورلڈ کپ میں امریکا کی ایران کے خلاف کامیابی پر امریکا کی مختلف ریاستوں میں کھیل کے شائقین نے جشن منایا جبکہ ویلز کے خلاف انگلینڈ کی فتح پر لندن اور دیگر شہروں میں ٹیم کے مداحوں نے خوب ہلہ گلہ کیا۔

انگلینڈ اور ویلز کے درمیان ہونے والے میچ کو بیٹل آف برٹین کا نام دیا گیا تھا، اس مقابلے کو دیکھنے کے لیے انگلینڈ اور ویلز میں شہر ی سرشام ہی دفاتر اور اپنے اپنے کاموں سے واپس لوٹ آئے تھے جبکہ بہت سوں نے چُھٹی ہی کرلی۔

اس میچ کو دیکھنے کے لیے برطانیہ کے بارز میں خاصا رش رہا، میڈیا رپورٹس کے مطابق شہریوں نے میچ کے دوران کھانے پینے پر 215 اور بارز میں 75 ملین پونڈز خرچ کیے۔

انگلینڈ کی فتح پر لندن سمیت مختلف شہروں میں جشن بھی منایا گیا۔

دوسری جانب امریکا کی ایران کے خلاف ایک صفر سے کامیابی پر امریکا کی مختلف ریاستوں میں بھی جشن منایا گیا اور شہریوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔