ماہی گیروں کے ساتھ مچھلیوں کے کاروبار میں شرکت

December 02, 2022

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: میرا سوال مچھلیاں پکڑنے اور ان کے کاروبار کے متعلق ہے، فشری میں کچھ لوگ وہ ہیں جن کے پاس لانچیں ہیں، سرمایہ ہے۔ یہ لوگ جن کے پاس لانچیں اور سرمایہ ہے، دوسرے لوگوں کو مچھلیاں پکڑنے کے لیے بھیجتے ہیں، انہیں اپنی لانچ دیتے ہیں۔ دوسرے وہ لوگ ہیں جو مچھلیوں کاشکار کرتے ہیں، وہ سمندر میں جاکر مچھلیاں پکڑسکتے ہیں، سمندر میں کئی کئی دن گزار سکتے ہیں، مگر ان کے پاس مچھلیاں پکڑنے کے لیے لانچیں نہیں ہوتیں۔

یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو گزر بسر کے لیے دوسروں کی لانچیں لے کر جاتے ہیں اور مچھلیاں پکڑتے ہیں۔ یہ جب مچھلیاں پکڑ کر واپس آجاتے ہیں تو مچھلیاں فروخت کردی جاتی ہیں اور جو رقم حاصل ہوتی ہے، وہ لانچ کا مالک اور یہ لوگ آدھی آدھی تقسیم کرلیتے ہیں۔ ازروئے شریعت کاروبار کی یہ صورت جائز ہے؟

جواب: شریعت کا قاعدہ ہے کہ مباح اَشیاء میں شرکت نہیں ہوسکتی ۔ سمندر میں مچھلیاں مباح ہوتی ہیں ، مباح ہونے کی وجہ سے ہر ایک کو ان کے پکڑنے کا حق ہوتا ہے اور جو انہیں پکڑلیتا ہے وہی ان کا مالک ہوجاتا ہے۔ اس وجہ سے کاروبار کی یہ صورت ناجائز ہے۔ مچھلیاں صرف ان کاحق ہوں گی، جو اُنہیں پکڑلیں گے اور لانچ کے مالک کو بازار کے حساب سے لانچ کا کرایہ ملے گا۔