پاکستان موسمیاتی انصاف چاہتا ہے، خیرات نہیں ، وزیراعظم شہباز شریف

December 01, 2022

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان میں بہت نقصان ہوا، پاکستان موسمیاتی انصاف چاہتا ہے، خیرات نہیں۔

شرم الشیخ میں کوپ 27 کانفرنس میں پاکستان کی کامیاب سفارت کاری پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے مدد پر تمام ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ پہلی مرتبہ ہوا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی آواز سنی گئی۔

شہباز شریف نے شرم الشیخ کانفرنس میں ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنج کو قبول کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوپ-27 کے ’لاس اینڈ ڈیمیج‘ فنڈ پر عملی طور کام کرنا ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب کے باعث 33 ملین لوگ متاثر ہوئے، سیلاب سے زراعت، صنعت، غلہ بانی کا 30 ملین ڈالر کا نقصان ہوا، حالیہ سیلاب نے پاکستان میں تباہی مچائی، پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد پر تمام ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں کی جانے والی امداد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں نے متاثرین کی بھرپور مدد کی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور شیری رحمان نے بین الاقوامی فورمز پر بھرپور کردار ادا کیا۔