6 نشستوں والی الیکٹرک سائیکل سے سفر کرنا اب ہوا آسان، ویڈیو وائرل

December 02, 2022

اسکرین گریب

کم خرچ بالا نَشینی گر سیکھنی ہو تو اس نوجوان سے سیکھیے جو بھارت کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں رہتا ہے اور اپنی سفری مشکلات سے نبردآزما ہوتے ہوئے 6 نشستوں والی سائیکل بنا ڈالی۔

مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر مہندرا گروپ کے چیئرمین آنند مہندرا نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں بھارت کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو سائیکل کی سواری کرتے بوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ کوئی عام سائیکل نہیں بلکہ 6 نشستوں والی منفرد الیکٹرک سائیکل آٹو رکشہ ہے، جو دیہاتیوں کی روزمرہ کی سفری مشکلات کو حل کررہا ہے۔

جدید گاڑیوں کے حوالےسے مشہور مہندرا گروپ کے چیئرمین آنند مہندرا کے مطابق اس الیکٹرک سائیکل آٹو رکشہ کو بین الاقوامی پذیرائی ملنی چاہئے، جو اس نوجوان نے انتہائی کم خرچ (صرف 10سے 12 ہزار) میں بنائی ہے، جبکہ اسے چارج کرنے کے لیے بھی صرف 8 سے 10 بھارتی روپے کی لاگت آتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ رش والی جگہوں کے لیے بھی انتہائی موزوں ہے۔ اس لیے یہ یورپی ممالک جیسے پُر ہجوم والی جگہوں پر بطور ’ٹور بس‘ کے لیے بھی استعمال ہوسکتی ہے جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔

مذکورہ ویڈیو میں اس نوجوان نے بتایا ہے کہ اس گاڑی کی قیمت 12,000 روپے ہے اور ایک بار چارج ہونے کے بعد 150 کلومیٹر تک چل سکتی ہے۔ اس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ یہ گاڑی 10 روپے میں چارج کی جاسکتی ہے۔

گزشتہ روز شیئر کی گئی اس ویڈیو کو اب تک 70 لاکھ سے زائد بار دیکھا اور پسند کیا جاچکا ہے جبکہ سوشل میڈیا صارفین کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے اس نوجوان کی کوشش کو سراہ رہے ہیں۔