فش ڈائیگناسٹک لیبارٹری منصوبہ 54.55 ملین کی لاگت سے مکمل

December 03, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری ساؤ تھ پنجاب سر فراز خان مگسی نے محکمہ ماہی پروری کے ملتان میں ترقیاتی منصوبہ جات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل وائلڈ اینڈ فشریز ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر انصر محمود چٹھہ نے سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فش ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا منصوبہ 54.55 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہو چکا ہے جہاں فش فارمرز کو مچھلی کی بیماریوں کی تشخیص و علاج اور تالابوں کے پانی کے تجزیے کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی، اس منصوبہ کے تحت ایک موبائل یونٹ بھی کام کرے گا جو فش فارمز کے موقع پر جاکر تشخیص، علاج اور پانی کے تجزیے کی سہولت فراہم کرے گا۔علاوہ ازیں عوام الناس کو اعلیٰ معیار کی مچھلی فراہم کرنے کے لیے ماڈل فش آوٹ لٹ کا منصوبہ بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔