فرائض کی انجام دہی کیلئے تحفظ، معاوضہ اور سہولیات فراہم کی جائیں، لیڈی ہیلتھ ورکرز

December 04, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان لیڈی ہیلتھ ورکرز کی چیئرپرسن بشریٰ آرائیں بانو اور بلوچستان کی صدر بی بی جان کاکڑ نے کہا ہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز مشکل حالات میں بچوں کو پولیو مہم میں حفاظتی قطرے پلانے کے لئے اپنی ڈیوٹی بغیر کسی سیکورٹی کے انجام دیتی ہیں اس کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی سہولیات میسر نہیں، ہماری ساتھی دہشت گردی کا نشانہ بنی اور متعدد شہید ہوئیں،2012ء سے پولیو سمیت دیگر مہم میں فرائض انجام دے رہی ہے ہمیں تحفظ ، معاوضہ اور سہولیات فراہم کی جائیں، یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ میں ڈیوٹی انجام دینے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مسائل کے حوالے سے حکومت بلوچستان کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا ہے، لیڈی ہیلتھ ورکرز مشکل حالات میں ڈیوٹی انجام دیتی ہیں اور ہر مہم کے دوران ہمیشہ پیش پیش رہتے ہوئے بچوں کی صحت برقرار رکھنے کے لئے کردار ادا کیا ہے اس کے باوجود بلوچستان کی لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ان کا حق نہیں ملا ، مہنگائی کے اس دور میں بھی لیڈی ہیلتھ ورکرز قلیل تنخواہ میں گزر بسر کرنے پر مجبور ہیں انہیں صحت کی کوئی سہولت میسر نہیں ، صوبائی وزیر صحت لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور ان کی مشکلات کا ازالہ کریں تاکہ وہ احسن طریقے سے اپنی ذمہ داری نبھا سکیں ۔