سوڈان میں عبوری سول حکومت کے قیام کامعاہدہ، فوج سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلے گی

December 05, 2022

سوڈان میں فوج کی جگہ عبوری سول حکومت کے قیام کامعاہدہ طے پاگیا ہے۔ خرطوم سے عرب میڈیا کے مطابق سیاسی فریم ورک معاہدے کے تحت سوڈانی فوج ملکی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلے گی۔

معاہدے کی سوڈان کی خودمختار فوجی کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے توثیق کر دی۔

دستخط کیے جانے کی تقریب میں نائب صدر محمد حمدان دقلو اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل یو این او کے نمائندہ خصوصی نے شرکت کی۔

جمہوری عبوری سول انتظامیہ میں افواج کی کسی بھی طرح شراکت داری نہیں ہوگی۔ سیاسی فریم ورک کے تحت قانون کی بالادستی اور پرامن انتقال اقتدار کا نظام رائج کیا جائے گا۔ فوج کی واحد ذمہ داری ملکی سرحدوں کی حفاظت اور جمہوری سول حکومت کا دفاع کرنا ہے۔

سیاسی فریم ورک کے مطابق مسلح افواج ملکی سیکیورٹی اور دفاعی پیشہ ورانہ امور پر توجہ دے گی۔ افواج اور سیکیورٹی فورسز پر فوجی پروڈکشن کے علاوہ کسی بھی سرمایہ کاری یا تجارتی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر پابندی ہوگی۔

فریم ورک کے مطابق مسلح افواج کو ہر قسم کے سیاسی یا جماعتی وابستگی سے پاک کیا جائےگا۔ جبکہ انٹیلی جنس اداروں کا کام صرف معلومات کو اکٹھا کرکے ان کا تجزیہ کرنا ہوگا، تاہم کسی کو گرفتار یا حراست میں لینے کا کوئی اختیار نہیں ہوگا۔