برطانیہ میں ’قورمے‘ کی توہین، پاکستان اور بھارت ایک ہوگئے

December 06, 2022

فائل فوٹو

پاکستان اور بھارت کے کچھ کھانے یکساں طور پر پسند کیے جاتے ہیں جن میں چکن قورمہ بھی شامل ہے۔ شاید اسی لیے دونوں خطے کے لوگ برطانیہ میں ہونے والی اس کی توہین پر آگ بگولہ ہوگئے۔

برطانوی فوڈ نیٹ ورک ٹیسٹی یو کے نے3 دسمبر کو قورمہ بنانے کی ویڈیو جاری کی جس کے بعد لڑائی جھگڑا بھول کر قورمے کی توہین پر پاکستان اور بھارت ایک پیج پر آگئے۔

ٹوئٹر پر آکر کسی نے لکھا ایک ڈش نے ہی پاکستان اور بھارت کو متحد کردیا۔

ایک اکاؤنٹ سے ویڈیو کے لیے لکھا گیا کہ ہمارے قورمے کی توہین کرنے پر آپ لوگوں پر مقدمہ ہونا چاہیے، یہ بہت ہی دردناک ہے۔

کسی نے پیسے کی آفر کرتے ہوئے اس ویڈیو کو ڈیلیٹ کرنے کی درخواست کردی۔

ایک پاکستانی نے تو فرطِ جذبات میں آکر اصل قورمے کی تصویر پوسٹ کی اور کہا اگر تمہاری ڈش قورمہ ہے تو یہ فش اینڈ چپس ہے۔

ایک شخص نے ویڈیو پر لکھا کہ مرغی نے یہ ویڈیو دیکھنے کے بعد کائنات ہی چھوڑ دی ہے۔

اس کے علاوہ بھی سیکڑوں لوگوں نے ویڈیو پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔