پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں ملتان پہنچ گئیں

December 06, 2022

پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں ملتان پہنچ گئیں۔ ملتان میں دھند کے باعث دونوں ٹیموں کو تین گھنٹے تاخیر سے اسلام آباد سے ملتان کیلئے روانہ ہونا پڑا۔

ٹیمیں ملتان پہنچیں تو انہیں سخت سیکیورٹی حصار میں ائیرپورٹ سے ہوٹل لے جایا گیا، دونوں ٹیمیں بدھ سے ملتان اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی۔

پنڈی کی پچ پر رنز کے انبار لگے تو پچ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، خود پی سی بی چئیرمین رمیز راجہ اور کپتان بابر اعظم پچ سے خوش دکھائی نہیں دیے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ملتان اسٹیڈیم کی پچ کو بہتر بنانے کیلئے بیٹنگ کوچ محمد یوسف پنڈی ٹیسٹ ختم ہونے سے قبل ہی ملتان پہنچ گئے۔

پیر کے روز بھی محمد یوسف ملتان اسٹیڈیم میں چیف کیوریٹر ریاض احمد اور گراؤنڈ اسٹاف کے ساتھ ملاقاتیں کرتے نظر آئے۔ اس موقع پر پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک ندیم خان بھی موجود تھے جن کی نگرانی میں گراؤنڈ اسٹاف پچ کی تیاریوں میں مصروف رہا۔

پیر کے روز ملتان میں تیز دھوپ نہ ہونے کی وجہ سے پچ کو کھلا رکھا گیا۔ تیز دھوپ پچ کی تیاری میں بڑی مدد گار ثابت ہوتی ہے کیونکہ دھوپ کی وجہ سے پچ سوکھتی ہے اور ٹوٹتی بھی ہے۔

ملتان میں دھند کا دورانیہ بڑھتا چلا جارہا ہے جس کی وجہ سے ٹیسٹ متاثر ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔ دھند پہلے آٹھ بجے کے بعد کم ہونا شروع ہوجاتی تھی لیکن پیر کے روز دھند صبح دس بجے تک برار رہی اور اس کے بعد کم ہونا شروع ہوئی۔

اگر یہ سلسلہ برار رہا تو ملتان ٹیسٹ کا پہلا اور آخری سیشن دھند سے متاثر ہوسکتا ہے۔