جانتے ہیں پاکستان ٹیم مضبوط طریقے سے آئے گی، کپتان انگلینڈ بین اسٹوکس

December 08, 2022

فائل فوٹو

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ پاکستان ٹیم مضبوط طریقے سے آئے گی، ہم اپنے پلان کے مطابق جائیں گے اور 20 وکٹیں لینے کے لیے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بین اسٹوکس نے کہا کہپاکستان میں بولنگ کی کنڈیشنز مشکل ہوتی ہیں، لیام لیونگسٹن کی جگہ مارک ووڈ کو ٹیم کو شامل کیا گیا ہے۔

انگلش کپتان نے کہا کہمارک ووڈ کے آنے سے 20 وکٹیں حاصل کرنے میں مزید آسانی ہوگی۔

بین اسٹوکس نے کہا کہ ملتان کی پچ خشک اور پنڈی سے مختلف ہے ، یہاں ریورس سوئنگ ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برصغیر میں سب ٹیمیں ٹاس جیت کر بیٹنگ کی کوشش کرتی ہیں،بابر اعظم ٹاس جیت جاتے ہیں تو پھر کچھ نہیں کہہ سکتا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے ملتان میں کھیلا جائے گا۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔