اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، کیپٹلائزیشن 199 ارب روپے کم ہوگیا

January 18, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) آئی ایم ایف مذاکرات میں مزید تاخیر کی اطلاعات اور سیاسی بے یقینی میں اضافے کے باعث سرمایہ کاروں میں بے چینی ،بڑے پیمانے پر سرمائے کے انخلاء سے اسٹاک مارکیٹ میں شدیدمندی ‘ کریش کر گئی،کے ایس ای100انڈیکس 3.47 کی شرح سے 1378 پوائنٹس کم ہو کر ڈھائی سال کی کم ترین سطح پر آگیا ،39ہزار کی حد بھی برقرار نہ رہی،82.64 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت(کیپٹلائزیشن ) 199 ارب30 کروڑ 72 لاکھ روپے گھٹ گئی ،تاہم سرمائے کے انخلا ء کی وجہ سے فروخت بڑھ گئی اور کاروباری حجم میں 95.09 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ منگل کواگرچہ ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے بعد 100انڈیکس میں222 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا لیکن جلد ہی مالیاتی اداروں کی جانب سے سرمائےکے انخلاء کا رحجان دیکھنے میں آیا جو کہ دن بھر مسلسل بڑھتا گیا یہاں تک کے 100 انڈیکس 1433 پوائنٹس کی کمی سے 39ہزار پوائنٹس سے بھی نیچے آگیا ،تاہم اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 1378.54 پوائنٹس کی کمی سے 39720.75 پوائنٹس سے کم ہو کر 38342.21 پوائنٹس پر بند ہوا ،مارکیٹ ذرائع کے مطابق یہ 30 ماہ بعد کی کم ترین سطح ہے ،مندی کے باعث کے ایس ای30انڈیکس بھی 565.61 پوائنٹس کی کمی سے 14080.47 پوائنٹس ہو گیا جبکہ آل شیئرز انڈیکس 842.43 پوائنٹس کم ہو کر 26834.08 پوائنٹس سے کم ہو کر25991.65پوائنٹس پر آگیا‘سرمائے کے انخلاء اور فروخت بڑھنےکی وجہ سے کاروباری حجم 10 کروڑ 3 لاکھ 64ہزار شیئرز بڑھ کر 20 کروڑ 59 لاکھ 6ہزار شیئرز ہو گیا‘منگل کو سب سے زیادہ شیئرز کی قیمت میں اضافہ نیسئلے پاکستان اور پاک سروسز کے شیئرز کی قیمت میں ہوا جو کہ بالترتیب 196.00 روپے اور 104.00 روپے فی شیئرز تھا۔