موجودہ اقتصادی بدحالی کے اسباب

January 25, 2023

اس میں کوئی دو رائے نہیں ہوسکتیں کہ اس وقت پاکستان کی اقتصادی بدحالی سارے ریکارڈ توڑ چکی ہے، کچھ پتہ نہیں کہ کس وقت کیا ہوجائے، چند ماہ پہلے تک کچھ اقتصادی ماہرین علی الاعلان پیشں گوئی کرتے ہوئے سنے گئے کہ پاکستان چند ماہ کے بعد کسی وقت بھی دیوالیہ ہوسکتا ہے۔کچھ روزقبل کی اخباری اطلاعات نے اقتصادی صورتحال مزید خراب ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان کیلئے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کے قرضوں کی منظوری مؤخر کردی ہےجبکہ سستی توانائی کیلئے 60کروڑ ڈالر کا قرض بھی مؤخر کردیا گیا ہے۔ گزشتہ دنوں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کے فیڈریشن ہائوس کے دورے کے موقع پر صنعتکار ان کے سامنےپھٹ پڑے اور مطالبہ کیا کہ بند ہونے والی صنعت کا سود اسٹیٹ بینک اپنے ذمے لے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو مارچ تک ہنگامے پھوٹ پڑیں گےاوراگر ’’سپلائی چین‘‘ نہ کھلی تو بے روزگاری کا سیلاب آجائے گا اور رمضان میں دالیں ایک ہزار روپے کلو ہوجائیں گی۔

اس وقت ملک میں 5کلو آٹا 700 سے 800 روپے تک میں فروخت ہورہا ہے، بریانی کے چاول 350 سے 450 روپے فی کلو میں فروخت ہورہے ہیں، شکر جو پہلے 50 روپے فی کلو فروخت ہورہی تھی اب 100 روپے میں فی کلو فروخت ہورہی ہے اور معیاری گھی پہلے 350 روپے کلو تک میں فروخت ہورہا تھا اب 550 روپےفی کلو فروخت ہورہا ہے، پیٹرول اور گیس کی قیمتیں پہلے ہی بڑھا دی گئی تھیں جبکہ اب ایک بار پھر بڑھانے کے امکانات نظر آرہے ہیں۔ اس وقت مختلف سیاسی اور معاشی شخصیات کی طرف سے پاکستان کی اقتصادی صورتحال خراب ہونے کے مختلف اسباب بیان کئے جارہے ہیں۔ ان آرا کے مطابق اس خطرناک معاشی صورتحال کے کم سے کم چار اہم اسباب ضرور ہیں۔ مثلاً اس سال ہونے والی خطرناک بارشوں کے نتیجے میں ملک بھر میں سیلاب، کورونا کی بیماری، سیاست میں کرپشن کا کلچر اور افسر شاہی و سیاسی رہنمائوں کی نااہلی، اس سال جو خطرناک بارشیں ہوئیں اور اس کے بعد انتہائی خطرناک سیلاب آیا، اس کے نتیجے میں عملی طور پر ملک بھر میں معاشی اور خاص طور پر ترقیاتی سرگرمیاں نہ فقط ٹھپ ہوگئیں بلکہ ایک لمبے عرصے تک ترقیاتی سرگرمیاں شروع بھی نہیں کی جاسکیں۔ ایک لمبے عرصے تک پاکستان کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک روڈ بھی ٹوٹ پھوٹ کر ناقابل استعمال ہوگئے جبکہ اب بھی کراچی سے پشاور تک بڑی مشکل سے گاڑیاں چل رہی ہیں اور تو اور کچھ عرصے تک تو ٹرین سروس بھی کافی علاقوں میں معطل رہی، اس کی وجہ سے ملک بھر میں ترقیاتی سرگرمیاں کافی حد تک معطل رہیں جبکہ زراعت کو شدید دھچکا لگا، ملک بھر میں کئی علاقوں میں کئی اہم فصلیں مثلاً گندم، چاول، کپاس، سبزیاں، پیاز خاص طور پر سندھ میں یہ ساری فصلیں بڑے پیمانے پر تباہ ہوگئیں،یہ خطرناک منفی اثر صنعتوں پر بھی ہوا، ان بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے کئی علاقوں میں کارخانے بھی بند رہے ،کورونا وبا بھی پاکستان کے عوام کیلئے قیامت سے کم نہ تھی، اس کے حملے کے نتیجے میں بھی ملکی معیشت اور ترقیاتی سرگرمیاں کافی حد تک متاثر ہوئیں۔ پاکستان کی معاشی اور سیاسی تباہی کی بڑی وجہ کرپشن کا وسیع کلچر بھی ہے، ہر حکومت چاہے وفاق کی ہو یا صوبوں اور شہروں کی ہو، کرپشن کلچر سے تباہ ہوچکی ہے اور مزید ہورہی ہے، پاکستان کواگربچانا ہے اور پاکستان کے عوام کے ساتھ انصاف کرنا ہے تو ملک کے کونے کونے سے کرپشن کا صفایا کرنا پڑے گا، کرپٹ سیاسی قیادت کی کافی عرصے سے یہ روایت رہی ہے کہ کسی بھی ترقیاتی اسکیم کے شروع ہونے سے پہلے ایک خاص رقم اس اسکیم کیلئے رکھی گئی، رقم سے نکال کر متعلقہ سیاسی قیادت کے اکائونٹ میں جمع کی جاتی ہے، بعد میں یہ ترقیاتی اسکیمیں متعلقہ بیورو کریٹس کے ہتھے چڑھ جاتی ہیں جو متعلقہ اسکیموں پر توجہ کم اور ساری توجہ اپنے لئے رقم اکٹھی کرنے پر لگا دیتے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ ساری سیاسی قیادت کرپٹ نہیںہے اور سارے بیورو کریٹس بھی کرپٹ نہیںمگر وقت گزرنے کے ساتھ ان کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ان ساری حرکتوں کا خمیازہ ملک اور عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔ پاکستان تب تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک ملک سے کرپشن کا مکمل خاتمہ نہیں ہوتا، یہ مقصد حاصل کرنےکیلئے تمام اہم حلقوں کو ایک جگہ جمع ہوکر نہ صرف ملک کے مفاد میں کرپشن کے مکمل خاتمےکیلئے منصوبے تیار کرنا پڑیں گے بلکہ بعد میں مشترکہ طور پر ان منصوبوں پر انتہائی ایمانداری سے عمل کرنے کی مشترکہ ذمہ داری بھی سنبھالنا پڑے گی جبکہ پاکستان کی اس سے بڑی مصیبت کیا ہوسکتی ہے کہ اس کے نصیب میں کرپٹ سیاسی قیادت اور کرپٹ افسر شاہی آئی، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں اب تک نااہل سیاسی قیادت اور نااہل افسر شاہی حکمرانی کرتی رہی تاہم پاکستان میں ایسی سیاسی قیادت بھی آئی، جن کو دنیا بھر میں بڑی عزت دی جاتی تھی مگر سیاسی قیادت اور افسر شاہی کی ایک بڑی تعداد یقینی طور پر نااہل تھی جو صرف سفارش اور رشوت کے ذریعے بڑے عہدوں پر قابض ہوئی۔ پاکستان کو بچانےکیلئے نااہل سیاسی قیادت اور نااہل افسر شاہی کا راستہ روکنا ہوگا، اگر یہ سب کچھ نہ کیا گیاتو پاکستان کا اللہ ہی حافظ ہے۔