ٹاپ آئی سی سی ایوارڈ کرکٹ کے ’’مغل اعظم‘‘ بابر اعظم کے نام، سرگار فیلڈ سوبرز ٹرافی کے حقدار

January 27, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ کے ’’مغل اعظم ‘‘ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانے کے لئے مہم چل رہی ہے ایسے میں بابر اعظم اپنی کارکردگی کی بدولت اوپر تلے ایوارڈز پر قبضہ جمارہے ہیں ۔ بابر اعظم نے آئی سی سی ون ڈےکرکٹر آف دی ایئر 2022 اور اس کے ساتھ سرگار فیلڈ سوبرز کرکٹر آف دی ایئر 2022بھی اپنے نام کرلیا ہے۔ بابر یہ ایوارڈ جیتنے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں، اس سے قبل یہ ایوارڈ 2021 میں شاہین شاہ آفریدی نے اپنے نام کیا تھا۔انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس سال کے بہترین ٹیسٹ کرکٹر ایوارڈ کے حقدار قرار پائے ہیں۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ سرگارفیلڈ سوبرز ایوارڈ جیتنا اعزاز کی بات ہے۔ کرکٹ کا سب سے بڑا ایوارڈ جیت کر جو خوشی ہورہی ہے وہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا کیونکہ انہیں اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے جہاں کئی لیجنڈ اور نامور کھلاڑیوں کے نام بھی موجود ہیں۔ ایوارڈ جیتنے کا کریڈٹ فیملی ، ٹیم میٹ اور فینز کو دیں گے جنہوں نے ہر لمحے انہیں سپورٹ کیا۔ کرکٹ کے سب سے بڑے ایوارڈز ملنے سے پاکستان کا نام روشن ہوا۔ اس ایوارڈ کے پیچھے بڑی محنت تھی۔ گذشتہ سال بابر اعظم آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے تھے۔ انہوں نے 2022 میں 9 میچوں میں 84.87 کی اوسط سے 679 رنز بنائے جس میں تین سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں شامل تھیں۔ بابراعظم سے پہلے بھارت کے ایم ایس دھونی، جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز، بھارت کے ویرات کوہلی بھی مسلسل دوبار یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں۔ قبل ازیں آئی سی سی ٹیسٹ آف دی ایئر ٹیم 2022 کیلئے کپتان انگلینڈ کے بین اسٹوکس کو مقرر کرتے ہوئے اسکواڈ میں بابراعظم کو بھی شامل کیا تھا۔ بابر اعظم کو آئی سی سی مینز ون ڈے ٹیم دی ایئرکا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔