سعودی عرب کیساتھ سفارتی تعلقات پر امریکی میڈیا پریشان تھا، پومپیو

January 27, 2023

ریاض (شاہدنعیم ) امریکا کے سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب کیساتھ سفارتی تعلقات پر امریکی میڈیا پریشان تھا ، سی آئی اے نے 2018میں تہران کے قلب سے ایرانی جوہری مواد چوری کرنے والے موساد کے ایجنٹس کو فرار ہونے میں مدد دی ۔ اپنی نئی کتاب ’’ نیور گیو این انچ:فائٹنگ فاردا امریکا آئی لو‘‘ میں اپنی یادداشتوں میں پومپیو نے سعودی عرب کا بھرپور دفاع کیا ہے اور کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ ان کے سفارتی تعلقات امریکی میڈیا کو پریشان کر رہے تھے۔ سابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اپنے وقت کے اہم ترین رہنماؤں میں سے ایک ثابت ہوں گے، محمد بن سلمان عالمی سطح پر واقعی ایک تاریخی شخصیت ثابت ہوں گے، انہوں نے لکھا کہ اس بات اتفاق نہیں کرتا کہ خاشقیجی ایک "صحافی" تھے۔ پومپیو نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے خاشقیجی کو "سعودی باب ووڈورڈ" بنا دیا تھا حالانکہ خاشقیجی ایک ایکٹوسٹ تھے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان سیکورٹی تعلقات بہت اہم ہیں۔