سردیوں میں گھروں کی مولڈنگ چیک کرنے کے بہانے غریبوں کو لوٹنے والوں سے ہوشیار رہنے کا مشورہ

January 28, 2023

لندن (پی اے) مالکان مکان کو سردیوں میں گھروں کی مولڈنگ چیک کرنے کے بہانے غریبوں کو لوٹنے والوں سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ٹریڈنگ اسٹینڈرڈز کی ٹیموں کا کہنا ہے کہ فراڈیئے خاص طورپر سماجی طور پر پسماندہ لوگوں سے مکانوں کے مولڈ کو چیک کرنے کیلئے مفت سروے کی پیش کش کر رہے ہیں اور بعض معاملات میں ان سے انتظامی فیس کے نام پر 50سے 250پونڈ تک وصول کرنے کیلئے دباؤ ڈالنے کے حربے اختیار کرتے ہیں اور لوگوں سے کہتے ہیں کہ حکومت سے انرجی گرانٹ لینے کیلئے اس رقم کی ادائیگی کرنا ضروری ہے۔ فراڈیئے اس کے بعد کوئی کام کئے بغیر غائب ہوجاتے ہیں اور ان کے شکار اپنی رقم واپس لینے کیلئے ان سے رابطہ بھی نہیں کرسکتے۔ لوگوں کو بیوقوف بنانے کیلئے فراڈیوں کا دوسرا طریق اسپرے فوم انسولیشن کرنے کے نام پر رابطہ کرنا ہے۔ فراڈیئے یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ اس اسپرے میں جراثیم کش صلاحیت ہے، اس کیلئے وہ اس ناقص اور غیر ضروری کام کی، جو کہ بعض اوقات پراپرٹی کی مارگیج کی صلاحیت کو بھی متاثر کرتی ہے، بہت زیادہ رقم، جو کہ بعض اوقات کئی ہزار پونڈ ہوتی ہے، وصول کرتے ہیں۔ گلاسگو کیایک ریٹائرڈ ٹیچر ان فراڈیوں کے ہاتھوں 7,000پونڈ لٹانے سے بال بال بچی۔فراڈیوں نے اس سے کہا کہ اس کے بالاخانے میں زہریلے کیڑے ہیں۔ فراڈیوں نے اس سے کہا کہ وہ قرض لے لے۔ انھوں نے اس کا آن لائن رابطہ بھی کرادیا لیکن خاتون کے بینک نے فراڈ کی بو سونگھ لی اور ٹرانزکشن منسوخ کردی۔ اس کے علاوہ فراڈیئے ٹیکسٹ یا فون کال کے ذریعے بھی سروے کا انتظام کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ فراڈ دسمبر 2020 میں روچڈیل میں ایک کمرے کے مکان میں رہنے والے جراثیم کی وجہ سے ایک 2 سالہ بچے کی سانس کے مرض کی وجہ سے موت کے اسباب کی میڈیا میں بڑے پیمانے پر تشہیر کے بعد بہت بڑھ گئے ہیں، بچے کی موت کے بعد دسمبر میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ ہاؤسنگ ایسوسی ایشن کی ہر پراپرٹی میں نمی اور جراثیم کے مسائل چیک کئے جائیں گے اور اگر کوئی مسئلہ ہوگا تو اسے دور کردیا جائے گا۔ چارٹرڈ ٹریڈنگ اسٹینڈرڈ ز انسٹی ٹیوٹ کے چیف ایگزیکٹو جون ہیری مین کا کہنا ہے کہ چونکہ لوگ اخراجات زندگی میں اضافے کے دوران اپنے انرجی بلز سے پریشان ہیں، بہت سے لوگ مکان کی گرمائش میں کٹوتی کررہے ہیں، جس سے نمی اور دیگر مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ فراڈیئے جراثیم اور انرجی ایفی شی انسی کے بارے میں لوگوں کی جائز تشویش سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں، یہ لوگ معمر شہریوں، والدین اور ہر اس شخص کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں، جن کے بارے میں ان کو اندازہ ہوتا ہے کہ وہ ان کے جال میں پھنس جائیں گے اور غلط دعوؤں پر اپنی رقم ان کے حوالے کردیں گے۔ ٹریڈنگ اسٹینڈرز ان فراڈیوں کے راستے بند کرنے کی کوشش کرتی رہے گی اور فراڈ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سی ٹی ایس آئی کی گھروں پر جرائم کے یونٹ کی سربراہ کیتھرین ہارٹ نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ کسی سے گھر کے دروازے پر بات نہ کریں اور کسی کو اپنے گھر میں نہ گھسنے دیں۔ اگر آپ انرجی ایفی شی انسی یا اینٹی ڈیمپ کچھ لگانا چاہتے ہیں تو مکمل تصدیق شدہ کمپنی سے رابطہ کریں۔ اسی طرح ٹیکسٹ یا فون پر کی جانے والی گھر کی مرمت کی پیشکش کا بھی کبھی جواب نہ دیں کیونکہ زیادہ تر معاملات رقم بٹورنے کیلئے فراڈیئے ایسے لوگوں کو بھیجتے ہیں۔