طارق عزیز کے والد کا انتقال، مقامی قبرستان میں سپرد خاک

May 10, 2024

گریٹر مانچسٹر، بولٹن (نمائندہ جنگ) بولٹن کی معروف سماجی شخصیات طارق عزیز ایڈوکیٹ کے والد اور عبدالرشید کے سسر حاجی عبدالعزیز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے، مرحوم کی نماز جنازہ صغریٰ مسجد میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ مولانا محمد طاہر نے پڑھائی جس میں گریٹر مانچسٹر کے علاوہ برمنگھم اور سٹوک آن ٹرنٹ سے بھی سیاسی سماجی اور مذہبی رہنمائوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعدازاں مرحوم کو مقامی قبرستان میں سیکڑوں سوگواران کی موجودگی میں سپردخاک کر دیا گیا۔ مرحوم کی اچانک وفات پر نارتھ ویسٹ کے سیاسی سماجی اور مذہبی رہنمائوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں مرحوم کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے جبکہ مقامی سطح پر سماجی اور دینی امور میں ان کی بھرپور دلچسپیاں رہیں جس کی بنا پر انہوں نے صغریٰ مسجد فارن ورتھ کی بنیاد بھی رکھی۔ مرحوم نے بولٹن کے مسلمانوں کیلئے بڑا کام کیا انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو تاجدار مدنی صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے جنت الفردوس میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ تعزیت کرنے والوں میں رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی، متوقع پارلیمانی امیدوار محمد افضل ، بولٹن کونسل کے کونسلرز راجہ محمد ایوب، راجہ خرم رئوف، راجہ محمد اقبال، کنزرویٹو مسلم فورم نارتھ ویسٹ کے سابق چیئرمین راجہ محمد ادریس، انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ بزنس فورم کے چیئرمین چوہدری حسرت علی مسلم کانفرنس یوتھ ونگ برطانیہ کے چیئرمین راجہ ریاض احمد بڑالوی، راجہ طلعت جمیل، پیپلزپارٹی بولٹن کے صدر چوہدری ندیم اقبال، پاکستان سوسائٹی بولٹن کے سابق صدر راجہ محمد اسحاق، بزرگ کشمیری رہنما سالار ممتاز احمد چشتی ، تحریک انصاف نارتھ ویسٹ کے سابق جنرل سیکرٹری نوید اختر بھٹی، سٹیزن ایڈوائز بیورو کے شیخ محمد یاسین ، محمد فاروق، مکی شاہ ایڈوکیٹ، بیرسٹر اشتیاق احمد، بیرسٹر ہارون الرشید، برمنگھم سے جنگ کے صحافی آصف محمود براہٹلوی، صوفی محمد ایوب، سیٹھ نعمان عارف، حسنین عنصر مغل، پروفیسر آصف جاوید، چوہدری مظہر اقبال، راجہ محمد اقبال، متوقع پارلیمانی امیدوار راجہ امجد عرف جیک خان، راجہ محمد سرور، راجہ محمد اعظم اور دیگر شامل ہیں۔