پیرس میں فلسطینیوں کے حامی طلبہ کیخلاف کریک ڈاؤن، 86 گرفتار

May 10, 2024

پیرس (نمائندہ جنگ) پیرس پولیس نے سوربون یونیورسٹی میں غزہ جنگ کیخلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہونے والے احتجاج کو ختم کرنے کے بعد درجنوں طلبہ کو حراست میں لے لیا۔ فرانسیسی پولیس نے پیرس کی سوربون یونیورسٹی میں فلسطینیوں کے حامی طلبہ کو ہٹانے کے لیے آپریشن کے بعد 86افراد کو حراست میں لے لیا، استغاثہ نے بتایا کہ منگل کی رات پولیس کی کارروائی میں گرفتار کیے گئے افراد کو امن عامہ کے مختلف جرائم کے الزام میں حراست میں لیا گیا ان میں جان بوجھ کر نقصان، بغاوت، عوامی اختیارات رکھنے والے شخص کے خلاف تشدد، تعلیمی ادارے میں دخل اندازی اور نظم و ضبط میں خلل ڈالنے کے لیے بلائی گئی میٹنگ کا انعقاد شامل ہے۔ کچھ کو تشدد کی تیاری یا املاک کو نقصان پہنچانے کے مقصد سے گروپ میں شرکت کیلئے بھی رکھا جا رہا ہے۔ انہیں ابتدائی 24گھنٹوں کیلئے حراست میں رکھا جا سکتا ہے، جسے پھر مزید 24گھنٹے بڑھایا جا سکتا ہے۔ پولیس کے داخل ہونے سے ایک دن پہلے، وزیر اعظم گیبریل اٹل نے کہا کہ فرانس کی یونیورسٹیوں میں اس طرح کے مظاہروں کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ عینی شاہدوں کے مطابق تقریباً 100 طلباء غزہ کے لوگوں کے ساتھ ’’یکجہتی‘‘ کیلئے لیکچر تھیٹر میں دو گھنٹے تک بیٹھے رہے۔