پاکستان سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا

May 10, 2024

کوالالمپور (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا۔ گرین شرٹس ٹورنامنٹ کی اب تک ناقابل شکست ٹیم رہی۔ جاپان اور پاکستان دس ، دس پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ فائنل کل 11مئی کو کھیلا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں جاری اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے تیسری کامیابی سمیٹ لی، قومی ٹیم نے کینیڈا کو بھی شکست دے دی‘پاکستان نے ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کینیڈا کو 4-5سے شکست دے کر سلطان اذلان شاہ کپ 2024کے فائنل میں پہنچ گیا۔پاکستان ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے اور 4میچوں کے بعد 10پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ کینیڈا نے پہلے17منٹ میں 0-2کی برتری حاصل کر کے پاکستان کو بیک فٹ پر ڈال دیاتھا، تاہم گرین شرٹس نے شاندار واپسی کرتے ہوئے میچ 4-5سے جیت لیا۔ پاکستان کی جانب سے پہلے 2 گول ابوبکر محمود نے کیے ‘ جبکہ ارشد لیاقت، رانا وحید اشرف اور غضنفر علی نے بھی ایک ایک گول کیا۔ کینیڈا کی جانب سے شان ڈیوس نے دو دو گول ‘ہربیر سندھو اور اوجوت بٹر نے ایک ایک گول کیا۔ قبل ازیں ملائیشیا میں جاری 30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں جاپان نے ملائیشیا کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی ۔ جاپان نے ملائیشیا کو 1-2 سے شکست دی جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان اور جاپان کے 10، 10پوائنٹس ہوگئے جس کی وجہ سے جاپان اور پاکستان کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں۔ پاکستان اپنے پول کا پانچواں میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 10مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق 1:00 بجے دوپہر کھیلے گا۔ یاد رہے کہ پاکستان 2011کے بعد اذلان شاہ کپ کے فائنل میں پہنچا ہے، قومی ہاکی ٹیم نے گزشتہ ایونٹ میں تیسری پوزیشن کا میچ جیت کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔