اٹلی کے جوناتھن میلان نے سائیکل ریس کا چوتھا مرحلہ جیت لیا

May 10, 2024

روم(اسپورٹس ڈیسک )اٹلی کے جوناتھن میلان نے گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا چوتھا مرحلہ جیت لیا۔ اٹلی میں گیرو ڈی اٹالیہ کا 107واں ایڈیشن جاری ہے جس میں سائیکلنگ کی دنیا کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے چوتھے مرحلے میں سائیکل سواروں نے ایکوی ٹرم سے اندورا تک کا فیصلہ طے کرنا تھا جو سیدھا 190 کلو میٹر پر محیط تھا۔23سالہ اطالوی سائیکل سوار جوناتھن میلان نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 190 کلومیٹر کا فاصلہ 4گھنٹے 16منٹ اور 3سیکنڈز میں طے کرکے چوتھے مرحلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔25 سالہ آسٹریلوی سائیکل سوار کیڈن گرووز نے دوسری جبکہ 29 سالہ جرمن سائیکلسٹ فل باہاس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ریس میں سلووینیا کے سائیکل سوارتڈیج پوگاچر کا پنک جرسی پر قبضہ برقرار ہے ۔ گزشتہ سال گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس ٹیم جمبو ویزما کے سلووینین سائیکل سوار پریموز روگلک نے جیتی تھی، وہ رواں ایڈیشن میں شامل نہیں ہیں تاہم رواں سال تڈیج پوگاچر سلووینیا کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ گیرو ڈی اٹالیہ ایک گرینڈ ٹور سائیکلنگ سٹیج ریس ہے جو تین ہفتوں میں مکمل ہوگی جس میں دنیا کے نامور سائیکلسٹس شریک ہیں۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 21مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3400.8 کلو میٹر کا سفر طے کرینگے۔