شوہر کو ہر بار دہشت گرد کی طرح چادر ڈال کر لایا جاتا ہے، اہلیہ فواد چوہدری

January 28, 2023

حبا چوہدری کا کہنا تھا کہ صبح 8 بجے سے ایک سے دوسری عدالت میں خوار ہو رہے ہیں۔

فواد چوہدری کی اہلیہ حبا چوہدری نے کہا ہے کہ میرے شوہر کو دہشت گردوں کی طرح چادر ڈال کر عدالت لایا جاتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں حبا چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری پر چادر ڈال کر عدالت لانے کا عمل رکوانے کی درخواست دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کو کس چیز کا ڈر ہے موبائل سم ہر شے ان کے پاس ہے، بار بار ان کے گھر کے سرچ وارنٹ کا کہا جارہا ہے۔

فواد چوہدری کی اہلیہ نے مزید کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ گھر میں گھس کر تلاشی لیں گے، خدشہ ہے کہ پولیس خود گھر میں کوئی چیز رکھ کر برآمد کرلے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے گھر کی تلاشی لینی ہے تو پولیس میڈیا کے ساتھ آئے۔

حبا چوہدری نے یہ بھی کہا کہ صبح 8 بجے سے ایک سے دوسری عدالت میں خوار ہو رہے ہیں، اعظم سواتی اور شہباز گل کے ساتھ بھی یہی رویہ اپنایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کا فون آیا تھا ان کی شکر گزار ہوں، جو فیصلہ پارٹی کرے گی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔