بارش اور برفباری، سیاحوں نے کوئٹہ اور زیارت کا رخ کرلیا

January 29, 2023

اسلام آباد (جنگ نیوز)بلوچستان میں پھر سے بارش اور برفباری، سیاحوں نے کوئٹہ اور زیارت کا رخ کرلیا، ماہرین موسمیات اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ملک میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی حالیہ لہر کا دورانیہ بڑھ گیا،خطہ پوٹھو ہار، شمال مشرقی پنجاب، شمالی بلوچستان، خیبر پختونخوا، کشمیراور گلگت بلتستان میں پیرتک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا، بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔علاوہ ازیں آئندہ24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی اسلام آباد، خطۂ پوٹھو ہار، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشرقی و وسطی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوںپربرفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر مغربی اور بالائی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہیگا۔تاہم شمال/شمال مغربی بلوچستان، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔ اس دوران پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے شدیدبرف باری متوقع ہے۔جبکہ بالائی علاقوں میں چندمقامات پر موسلا دھار بارش/ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علا قوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہا۔