اوگرا کا پیٹرول پمپس کی بندش کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

January 29, 2023

—فائل فوٹو

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس کی بندش کے معاملے پر پمپس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔

اوگرا حکام کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپ بند رکھنے والوں کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے۔

حکام نے کہا ہے کہ اس ضمن میں صوبائی چیف سیکریٹریز کے ذریعے ضلعی انتظامیہ کی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔

اوگرا حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیٹرول پمپس کی بندش کے معاملے کو جلد نمٹایا جائے گا۔

واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18، 18 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 262 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 189 روپے 83 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 187 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے قبل ہی ملک بھر کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپوں پر پیٹرول کی فراہمی بند کر دی گئی تھی اور مصنوعی قلت پیدا کی گئی تھی۔

بندش کے بعد پیٹرول پمپوں پر لوگوں کا رش لگ گیا تھا۔