شاہ رخ خان فلم ’پٹھان‘ کا سیکوئل بنانے کیلئے تیار

January 31, 2023

شاہ رخ خان، فائل فوٹو

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان فلم ’پٹھان‘ کی باکس آفس پر شاندار کامیابی کے بعد اس فلم کا سیکوئل بنانے کے لیے تیار ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، فلم’پٹھان‘ کے ہدایتکار سدھارتھ آنند نے پیر کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنا ایک تحفے جیسا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی دوسرے ہدایتکار کی طرح میرا بھی خواب تھا کہ میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کروں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ شاہ رخ خان کی فلم کو حاصل کرنا میرے لیے ایک سفر تھا جوکہ اس وقت مکمل ہوا جب مجھے شاہ رخ خان کے لیے ہدایتکاری کرنے کا تحفہ ملا۔

سدھارتھ آنند نے کہا کہ ایمانداری سے بات کی جائے تو فلم’پٹھان‘ کے بارے میں جیسا ماحول بنا ہوا تھا اس کی وجہ سے پچھلے کچھ مہینوں کے دوران تھوڑے ذہنی دباؤ کا شکار رہا۔

اس دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ پٹھان آئی اور ہٹ ہوگئی، اب اس کے بعد کیا نیا کرنے کا ارادہ ہے؟

اس سے پہلے کہ ہدایتکار صحافی کی جانب سے پوچھے گئے اس سوال کا جواب دیتے تقریب میں موجود شرکاء نے بلند آواز میں فلم’پٹھان‘ کا سیکوئل بنانے کی فرمائش کردی۔

سدھارتھ آنند نے شرکاء کی اس پر زور فرمائش پر کہا کہ’انشااللّٰہ‘ یعنی اگر اللّٰہ نے چاہا تو ضرور بنائیں گے۔

دوسری جانب، شاہ رخ خان جوکہ سدھارتھ آنند کے ساتھ ہی موجود تھے، مداحوں کی اس پرزور فرمائش پر کہا کہ یہ ہمارے اور میری فیملی کے لیے ایک بڑا دن ہے، ہم نے آج سے پہلے شائقین کواپنی فلم دیکھنے کے بعد اتنا خوش نہیں دیکھا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ جب بھی سدھارتھ آنند مجھ سے ’پٹھان 2‘ بنانے کے لیے کہیں گے، میں دستیاب رہوں گا اور اگر وہ کوئی سیکوئل بنانا چاہتے ہیں تو یہ بھی میرے لیے اعزاز کی بات ہوگی۔

واضح رہے کہ فلم’پٹھان‘ یش راج اسپائے یونیورس کی چوتھی انسٹالمنٹ ہے، جس میں شاہ رخ خان کی 4 سال کے طویل عرصے کے بعد اسکرین پر واپسی ہوئی ہے۔