ویسٹ ایشیا بیس بال چیمپئن شپ: پاکستان، فلسطین فائنل میں پہنچ گئے

January 31, 2023

فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان اور فلسطین کی ٹیموں نے اسلام آباد میں جاری ویسٹ ایشیا بیس بال چیمپئن شپ کے فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

منگل کو ہونے والے سیمی فائنلز میں پاکستان نے سری لنکا جبکہ فلسطین نے بنگلادیش کو شکست دی۔

پہلے سیمی فائنل میں فلسطین کا مقابلہ بنگلادیش کی ٹیم سے تھا جس میں فلسطین نے 3 کے مقابلے میں 14 رنز سے فتح حاصل کی۔

فاتح ٹیم کے طارق البدر، الیاس عطیہ، یونس حلیم، ابراہیم، مالک عبداللّٰہ اور دیلان رینارڈ نے دو، دو رنز کیے۔

دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 1 کے مقابلے میں 16 رنز سے آؤٹ کلاس کردیا۔

پاکستان کے وسیم اکرم نے ہوم رن کرتے ہوئے تین رنز اسکور کیے۔ فقیر حسین، ارسلان جمشید اور محمد یونس نے بھی 3، 3 رنز اسکور کیے۔ سری لنکا کا واحد رن کرشنا نے بنایا۔

ایونٹ کا فائنل بدھ کی دوپہر ہوگا، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری فائنل کے مہمان خصوصی ہوں گے۔