عادل نےشادی خفیہ کیوں رکھی تھی؟ راکھی ساونت نے بتا دیا

February 02, 2023

اسکرین گریب

تنازعات کا شکار رہنے والی بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے شوہر عادل خان درانی کے 8 ماہ شادی خفیہ رکھنے کی وجہ بتا دی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر موجود بھارتی میڈیا کے پیجز پر وائرل ایک ویڈیو میں راکھی ساونت کو روتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس وائرل ویڈیوز میں راکھی ساونت نے کسی لڑکی کا نام لئے بغیر بتایا کہ اس کے شوہر عادل خان درانی انہیں دھوکا دے کر کسی اور سے افیئر چلا رہے ہیں۔


ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عادل نے اسی افیئر کی وجہ سے شادی کو گزشتہ 8 ماہ سے خفیہ رکھا اور جب بک باس مراٹھی میں بطور امیدوار، میں نے شرکت کی تو انہیں میری غیر موجودگی میں چکر چلانے کا اچھا موقع مل گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس تمام ثبوت ہیں، وقت آنے پر سب کے سامنے لے آئیں گی۔

اس سے قبل گزشتہ روز ہونے والی وائرل ویڈیوز میں راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ ان کی شادی بعض افراد کی وجہ سے خطرے میں ہے، تاہم ابھی وہ کچھ بھی بتانے سے قاصر ہیں جب وقت آئے گا سب کے سامنے سب کچھ آجائے گا۔


ان کا کہنا تھا کہ ابھی حال ہی میں ان کی والدہ کی وفات ہوئی ہے اور کچھ لوگ ان کی شادی شدہ زندگی کے پیچھے پڑ گئے ہیں، اگر ان کی شادی شدہ زندگی کو کچھ ہوا تو جو ملوث ہے ان کے بارے میں سب کو بتا دوں گی۔

واضح رہے کہ راکھی ساونت نے کچھ عرصہ قبل ہی اسلام قبول کرکے اپنے قریبی دوست اور بزنس مین عادل درانی سے شادی کی تھی۔ جبکہ حال ہی میں ان کی والدہ کی وفات طویل عرصے سے کینسر کے عارضے میں مبتلا رہنے کے بعد ہوئی۔