مہمان کم، پیسے پورے وصول کرنا ہال مالک کو مہنگا پڑگیا

February 02, 2023

مہمان کم، پیسے پورے وصول کرنا ہال مالک کو مہنگا پڑگیا، کراچی کی صارف عدالت شرقی نے شادی ہال مالک کو اضافی وصول کی گئی رقم واپس کرنے اور 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

کراچی کی صارف عدالت شرقی نے شادی ہال کو اضافی وصول کیے گیے ایک لاکھ 80 ہزار روپے واپس کرنے کا حکم دینے کے علاوہ 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ شادی ہال مالک 30 دن میں تمام واجبات ادا کرے۔

درخواست گزار غلام محی الدین نے موقف اپنایا تھا کہ 28 اکتوبر 2021 کو بیٹی کی شادی پر ہال بک کروایا تھا جبکہ 500 مہمانوں کے 4 لاکھ 50 ہزار روپے میں معاملات طے پائے تھے۔

کورونا کی صورتحال کے باعث حکومت نے صرف 300 مہمانوں کو شادی میں بلانے کی اجازت دی تو ہال کے مالک سے کہا کہ 500 کی جگہ 300 مہمان آئیں گے۔ اس حساب سے ادائیگی کی جائے گی۔

ہال مالک نے شادی سے ایک دن قبل دھمکی دی کہ مہمان 300 ہوں یا 500 رقم پوری ادا کی جائے، شادی ہال مالک نے 500 مہمانوں کی رقم وصول کی جو غیر قانونی ہے۔