خود کو مردہ ظاہر کرنے کیلئے نوجوان خاتون نے اپنی ہمشکل کو قتل کردیا

February 03, 2023

مقتولہ خدیجہ (دائیں)، مبینہ قاتل شرابان (بائیں)

ایک نوجوان جرمن خاتون نے اپنی ہم شکل لڑکی کو سوشل میڈیا پر تلاش کیا اور بعد ازاں اسے قتل کر دیا۔

جرمنی کے علاقے بواریا میں پولیس کو دریائے ڈینوب کے کنارے ایک گاڑی میں لڑکی کی لاش کی اطلاع ملی۔

16 اگست 2022 کو لڑکی کی لاش برآمد کی گئی جسے عراقی جوڑے نے شناخت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ان کی 23 سالہ بیٹی شرابان ہے۔

شرابان کی لاش اسی کی مرسڈیز گاڑی میں تھی، اس کے چہرے پر بہت زخموں کے نشان تھے۔

لیکن پوسٹمارٹم کے بعد پتا چلا کہ یہ لاش الجزائر کی ایک ماڈل بلاگر خدیجہ کی ہے، وہ بھی 23 سال کی تھی۔

لاش کی اصل شناخت ہوتے ہی پولیس نے شرابان کی تلاش شروع کی جس کے متعلق سمجھا جا رہا تھا کہ اسے قتل کر دیا گیا ہے۔

19 اگست 2022 کو پولیس نے شرابان اور اس کے 23 سالہ دوست شیکرن کو گرفتار کیا تھا۔

ان کی گرفتاری کی وجہ اب تک نہیں بتائی گئی تھی، تفتیش کاروں نے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں کہ انہی دونوں نے خدیجہ کا قتل کیا۔

جرمن ریاست انگلوسٹاڈ کے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ گھریلو تنازع کی وجہ سے ملزمہ روپوش ہونا چاہتی تھی اور اسی لیے اس نے اپنی ہم شکل کا قتل کیا تاکہ سب سمجھیں کہ وہ مرچکی ہے۔

تفتیشی حکام نے بتایا کہ قتل سے کئی ہفتے پہلے ملزمہ شرابان سوشل میڈیا پر اپنی ہم شکل خواتین ڈھونڈ رہی تھی، وہ جعلی اکاؤنٹس استعمال کرتے ہوئے ان سے رابطہ کرتی اور انہیں انگلوسٹاڈ بلاتی۔

خدیجہ کو ملزمہ نے مہنگے کاسمیٹکس دینے کا وعدہ کیا تھا، قتل کے دن شرابان اور اس کے ساتھی شیکرن نے خدیجہ کو گاڑی میں بٹھایا۔

دونوں ملزمان اسے جنگل میں لے گئے اور گاڑی سے اتار کر چاقو کے وار کرکے قتل کر دیا۔

پولیس نے جرمن اخبار کو بتایا کہ آلہ قتل برآمد نہیں کیا جاسکا لیکن ٹھوس شواہد حاصل کیے جاچکے ہیں۔

مقتولہ کو 50 ضربیں مار کر قتل کیا گیا کہ اس کا چہرہ ہی بگڑ گیا۔