دل چاہ رہا ہے کہ رشبھ پنت کو صحیح ہوتے ہی تھپڑ ماروں، کپل دیو

February 08, 2023

فائل فوٹو

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے کہا ہے کہ دل چاہ رہا ہے کہ رشبھ پنت کو صحیح ہوتے ہی تھپڑ ماروں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک گفتگو کے دوران کپل دیو نے کہا کہ رشبھ پنت کی عدم موجودگی سے بھارتی ٹیم کو مشکل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح بچوں کے غلطی کرنے پر والدین کو تھپڑ مارنے کا حق ہوتا ہے، میرا بھی رشبھ پنت کے ساتھ ایسا ہی کرنے کا دل چاہتا ہے۔

کپل دیو نے کہا کہ مجھے اس سے محبت ہے، میں چاہتا ہوںوہ جلد صحت یاب ہو جائے تاکہ میں اس سے مل کر اسے ماروںاور کہوںکہ اپنا خیال رکھا کرو۔

سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ آج کل کے نوجوان ایسی غلطیاں کیوں کرتے ہیں، ان کو ایسی غلطی کرنے پر تھپڑ مارنا چاہیے۔

دوسری جانب رشبھ پنت نے اپنی ریکوری سے متعلق بھی مداحوں کو سوشل میڈیا پر آگاہ کیا ہے۔

ان کی انسٹاگرام پوسٹ سے پتا چلتا ہے کہ وہ اب گھر سے باہر جانے کے قابل ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ 30 دسمبر 2022 کو وکٹ کیپر بیٹر کی گاڑی کو گھر واپس جاتے ہوئے دہلی کے ہائی وے پر اترکھنڈ کے قریب حادثہ پیش آیا تھا۔

وکٹ کیپر بیٹر کی کار کو ہائی وے کی ریلنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ لگ گئی تھی۔