پی ڈی ایم یا پی ٹی آئی کی لڑائی قیام امن کےلیے نہیں ہے، سراج الحق

February 08, 2023

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) یا تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی لڑائی امن کے قیام کےلیے نہیں ہے۔

پشاور میں امن مارچ سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ اجتماعی قوتوں نے 1971 میں پاکستان کو دو لخت کیا، یہ ہی قوتیں ملک کو قومی، لسانیت اور مذہب کے بنیاد پر تقسیم کرناچاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارتیں ریوڑیوں کی طرح تقسیم ہو رہی ہیں، یہ سب مفاد پرست ٹولہ ہے، ان کو صرف اقتدار کی فکر ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پوچھتا ہوں کہ لوگوں کو امن کی ضرورت ہے یا ضمنی انتخابات کی؟ یہاں لوگ مر رہے ہیں بچے یتیم ہو رہے ہیں۔

سراج الحق نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف صاحب خیبر پختونخوا کے عوام کی آنکھوں میں آنسو ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وطن واپسی کے بعد مریم نواز کو سب سے پہلے پشاور آنا چاہیے تھا لیکن وہ ملتان اور بہاولپور گئیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پوچھتا ہوں کیا مولانا فضل الرحمان، آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کو یہاں کسی نے دیکھا؟

انہوں نے کہا کہ پولیس کے پاس واک تھروگیٹ جعلی اور کیمرے اندھے ہیں، وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

سراج الحق نے کہا کہ ہمارے صوبے سے سوتیلی ماں کی مانند سلوک کیا جاتا ہے، اگر دہشت گردی کا مرکز افغانستان ہے تو افغان حکومت کو کہتا ہوں کہ یہاں سے نیٹو کو نکالنے میں پاکستانیوں نے بڑی قیمت ادا کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا پاکستان میں قیام امن کے لیے افغان حکومت کو کردار ادا کرنا ان کا دینی فریضہ نہیں ہے؟وزیر خارجہ یورپی ممالک گئے ایک بار افغانستان نہیں گئے۔