اسرائیلی فوجی اہلکار، میڈیکل ٹیمز اور امدادی سامان کے 15 طیارے ترکیہ پہنچ گئے

February 08, 2023

اسرائیل نے ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے ’آپریشن اولف برانچز‘ شروع کیا، فوجی اہلکار، میڈیکل ٹیمز اور امدادی سامان کے 15 طیارے ترکیہ پہنچ گئے۔

اس آپریشن کے تحت اسرائیل کی میڈیکل ٹیم آج ترکیہ پہنچ چکی ہے۔

اسرائیلی فوج اور وزارت صحت کے مشترکہ وفود پر مشتمل 15 طیاروں میں 230 فوجی اہلکار اور سیکڑوں ٹن امدادی سامان تھا۔

اس امدادی آپریشن کی کمان اسرائیلی فوج کے ٹیکنالوجی اور لاجسٹکس ڈویژن کی میڈیکل کور کر رہی ہے۔

اسرائیل کی نیواتیم ایئربیس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل گیلاڈ کنعان نے کہا کہ آپریشن اولف برانچز شروع ہوئے 48 گھنٹے ہوچکے ہیں۔

ترکیہ کیلئے تمام امدادی آپریشنز اسی ایئربیس سے ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ہمارا اگلا قدم ترکیہ میں فیلڈ اسپتال قائم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 150 فوجی اہلکاروں کی ٹیم پہلے ہی ترکیہ میں موجود ہے اور اس نے درجنوں افراد کو ملبے سے ریسکیو کیا ہے۔

بریگیڈیئر جنرل نے کہا کہ ہم 100 ٹن کا ساز و سامان ترکیہ منتقل کر رہے ہیں جس سے ہمیں وہاں قیام میں مدد ملے گی اور زخمیوں سمیت دیگر زلزلہ متاثرین کی مدد کرسکیں گے۔