کراچی: خاتون ٹی وی اینکر کا گھر تالے کاٹ کر لوٹ لیا گیا

March 13, 2023


کراچی کے علاقے گارڈن میں نامعلوم چور نجی ٹی وی چینل کی خاتون اینکر کے گھر کے تالے کاٹ کر 15 تولے سے زائد سونا، نقد رقم اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے۔

ملزمان چوری کی واردات کرنے کار پر آئے تھے۔

پولیس کے مطابق گارڈن ایسٹ میں واقع نجی ٹی وی چینل کی خاتون اینکر کے فلیٹ میں چوری کی واردات ہوئی ہے۔

نامعلوم ملزمان کار میں آئے، فلیٹ کے مرکزی دروازے کی کنڈی کاٹ کر اندر داخل ہوئے۔

ملزمان نے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے 15 تولے سے زائد کے سونے کے زیورات، 20 ہزار روپے کی نقد رقم، لیڈیز گھڑی اور دیگر سامان چوری کر لیا۔

چوری کیے گئے زیورات میں سونے کی چین، کڑے اور انگوٹھیاں شامل ہیں۔

خاتون ٹی وی اینکر کے گھر چوری کے واقعے کا مقدمہ سولجر بازار تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔