بھارتی فوج کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والوں کی غائبانہ نماز جنازہ قصور میں ادا کی گئی۔ جس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور اعلیٰ فوجی و سول حکام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بھارت نے بزدلانہ حملوں کے دوران پاکستان میں مساجد اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں کے دوران شہید ہونے والے معصوم بچوں، خواتین اور شہریوں کی غائبانہ نماز جنازہ قصور کے علاقے کھڈیاں میں ادا کی گئی۔ قاری صہیب احمد میر محمدی نے نماز جنازہ پڑھائی۔
نماز جنازہ میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، سیاسی رہنما، سول و فوجی حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ نماز جنازہ کے بعد خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔
نماز جنازہ سے قبل اپنے خطاب میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان، آرمی چیف، ایئر و نیول چیف کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ہم نہ ڈریں گے نہ جھکیں گے۔ آپ نے ثابت کیا امن خواہش ہے اگر کوئی حملہ کرے گا تو دانت کھٹے کریں گے۔ بچہ ہو بوڑھا یا جوان، سب افواج کے ساتھ تیار تھے۔ بھارت کو جو جواب ملا اسے دنیا تسلیم کررہی ہے۔
غائبانہ نماز جنازہ کے بعد شہریوں نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔