• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی جانب سے آپریشن بنیان مرصوص کی تکمیل کا اعلان کردیا گیا


پاکستان کی جانب سے آپریشن ’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘ کی تکمیل کا اعلان کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 6 اور 10 مئی کی کارروائیاں آپریشن بنیان مرصوص کا حصہ تھیں، پاکستان نے بھارت کے ساتھ 22 اپریل سے10مئی تک کے معرکے کو ’’معرکۂ حق‘‘ کا نام دے دیا۔

آئی ایس پی آر نے معرکہ حق 22 اپریل سے 10 مئی 2025 کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ معرکۂ حق، بھارتی فوج کے بزدلانہ حملوں کے ردعمل میں کیا گیا، بھارت کی جانب سے حملے 6 اور 7 مئی 2025 کی شب شروع ہوئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ حملوں کے نتیجے میں معصوم شہریوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کی جانیں ضائع ہوئیں، پاکستان نے بھارتی فوجی جارحیت اور ہمارے شہریوں کے بے رحمانہ قتل کے خلاف انصاف اور بدلہ لینے کا عزم کیا تھا، ہم اللّٰہ کے حضور انتہائی عاجزی کے ساتھ سجدہ ریز ہیں، اللّٰہ نے ہمیں ہمارے عزم کو میدانِ جنگ میں فیصلہ کن اقدامات میں بدلنے کی توفیق عطا فرمائی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج نے 26 بھارتی فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، براہموس میزائل ذخائر اور ایس 400 سسٹمز کو مؤثر انداز میں تباہ کیا گیا۔

پاکستان کا جواب تینوں مسلح افواج کے باہم مربوط تعاون کی ایک مثالی مثال تھا، فضا، خشکی، سمندر، سائبر کے میدانوں میں یہ ہم آہنگی کارروائی کی کامیابی کا باعث بنی، ہم آہنگی انتہائی درست نشانے، بھرپور تباہ کن قوت، بجلی کی سی رفتار سے کارروائی کو ممکن بنانے کا باعث بنی، تمام پلیٹ فارمز نے باہمی ربط و تعاون سے کام کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے دور ہدف کو درستگی سے نشانہ بنانے والے فتح سیریز میزائل ون اور ٹو کا استعمال کیا، پاک فضائیہ کے درست نشانہ لگانے والے ہتھیار کا استعمال کیا گیا، طویل فاصلے تک مار کرنے والے "لوئٹرنگ کِلر مونیشنز" اور توپوں کا استعمال کیا گیا، مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت کے اندرونی علاقوں میں26 فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، وہ ادارے جو پاکستان میں دہشتگردی کو فروغ دینے کے ذمہ دار تھے انھیں نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 10 مئی کی کارروائیاں آپریشن بنیان مرصوص کا حصہ تھیں، نشانہ بنائے گئے اہداف میں فضائیہ اور ایوی ایشن کے اڈے شامل تھے، سورت گڑھ، سرسہ، بھُج، نالیا، آدم پور، بھٹنڈہ، برنالہ، حلوارہ کو نقصان پہنچایا گیا، اونتی پورہ، سرینگر، جموں، ادھم پور، مامون، امبالہ اور پٹھان کوٹ کو شدید نقصان پہنچایا گیا، بیاس اورنگروٹہ میں موجود براہموس میزائل ذخیرہ گاہیں بھی تباہ کر دی گئیں، ان اڈوں سے پاکستان پر میزائل داغے گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ آدم پور اور بھُج میں ایس400 بیٹری سسٹمز کو بھی پاک فضائیہ نے مؤثر طریقے سے ناکارہ بنایا، اُڑی میں فیلڈ سپلائی ڈپو اور پونچھ میں ریڈار اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا، فوجی لاجسٹک اورمعاونت کی جگہیں پاکستانی شہریوں کے خلاف غیر قانونی آپریشن میں مددگار تھیں، جی ٹاپ اور نوشہرہ میں موجود 10 بریگیڈ اور 80 بریگیڈ بھی مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے، بھارت کے فوجی کمانڈ ہیڈ کوارٹرز ہمارے معصوم شہریوں، بچوں کے قتلِ عام کی منصوبہ بندی میں مددگار تھے، پاکستان کے اندر دہشتگرد حملے کرنے والے پراکسیز کو پناہ اور تربیت دینے والی سہولت گاہیں تباہ کی گئیں، ان میں راجوڑی اور نوشہرہ میں موجود انٹیلیجنس یونٹس اور ان کے فرنٹ لائن فیلڈ عناصر شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے لیے ڈرونز کا استعمال کیا، ایسا اس لیے کیا گیا تاکہ ہمارے شہریوں کو ڈرا سکے اور خوف پھیلا سکے، آپریشن بنیان مرصوص کے دوران درجنوں پاکستانی مسلح ڈرونز بھارت کے بڑے شہروں پر پرواز کرتے رہے، پاکستانی مسلح ڈرونز بھارت کے حساس سیاسی و حکومتی سہولت گاہوں پر پرواز کرتے رہے، ڈرونز بھارتی دارالحکومت نئی دہلی، مقبوضہ جموں و کشمیر سے گجرات تک پرواز کرتے رہے، ڈرونز کے ذریعے تباہ کن طویل فاصلے تک مار کرنے والی بغیر پائلٹ صلاحیت کو ظاہر کیا گیا۔

پاکستان کی مسلح افواج نے جامع اور مؤثر سائبر آپریشنز بھی انجام دیے،
بھارتی فوج کے آپریشنز جاری رکھنے کے اہم انفرااسٹرکچر کو مفلوج اور کمزور کیا گیا، پاکستان کی مسلح افواج کے پاس جدید، خاص نوعیت کی فوجی ٹیکنالوجیز ہیں، اس تنازع میں محدود تعداد، نوعیت کی ٹیکنالوجیز کو احتیاط کے ساتھ استعمال کیا، بھارتی فوج کی مسلسل اشتعال انگیزیوں کے مقابلے میں پاکستان کا فوجی ردعمل متناسب، محتاط رہا، آپریشن احتیاط سے ترتیب دیا گیا تھا تاکہ شہریوں کی ہلاکتوں سے بچا جا سکے، صرف انھی اداروں، سہولتوں کو نشانہ بنایا جو براہِ راست پاکستانی شہریوں پر حملوں میں ملوث تھیں، ان مقامات کو نشانہ بنایا گیا جو پاکستان کے اندر دہشتگرد حملے کر رہے تھے، پاکستان کی مسلح افواج مشرقی محاذ پر آپریشنز میں مصروف تھیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی میں غیر معمولی اضافہ ہوا، بھارت پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دینے میں براہِ راست ملوث ہے، بھارت نے پراکسی عناصر کو اس دوران مکمل فعال کر دیا تاکہ ہماری توجہ کو ہٹایا جا سکے، مسلح افواج نے مغربی محاذ پر دہشتگردی کے خلاف بھی مؤثر کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ معرکہ حق قومی طاقت کے تمام عناصر کے درمیان مثالی ہم آہنگی کی بہترین مثال رہا، معرکہ حق میں پاکستانی عوام کی بھرپور حمایت شامل رہی، جب بھی پاکستان کی خود مختاری کو خطرہ یا علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی جائے تو پاکستان کا جواب فیصلہ کن ہوگا، مسلح افواج اس تنازع کے دوران قوم کےحوصلے، ثابت قدمی اور جذبے کو سلام پیش کرتی ہیں، مسلح افواج اپنی قوم کی تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

وہ منصوبے بناتے ہیں اور اللّٰہ بھی منصوبہ بناتا ہے، اور اللّٰہ سب سے بہتر منصوبہ ساز ہے (سورۃ الانفال) ۔ پاکستان زندہ باد، افواجِ پاکستان پائندہ باد، ہمارے دل، ہمدردیاں ان شہداء کے لواحقین اور خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے وطن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ہم اپنے زخمی ہم وطنوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کے ہر افسر، جوان، فضائی محافظ اور نیول اہلکار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، مسلح افواج کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی نے میدانِ جنگ میں کامیابی کو ممکن بنایا، مسلح افواج بہادر پاکستانی قوم کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش اور شکریہ ادا کرتی ہیں، بہادر قوم کی طاقت، عزم، سب سے بڑھ کر بےلوث حمایت اور دعائیں ان کٹھن حالات میں ہمارے ساتھ رہیں، قوم کی حمایت پاکستان کی مسلح افواج کیلئے سب سے مؤثر قوت بڑھانے والا عنصر ثابت ہوئی، ہم خاص طور پر پاکستان کے نوجوانوں کے شکر گزار ہیں، نوجوانوں نے ملک کے سائبر، انفارمیشن محاذ پر فرنٹ لائن سپاہیوں کا کردار ادا کیا، پاکستان کے متحرک اور با وقار میڈیا کے بھی شکر گزار ہیں، پاکستانی میڈیا بھارتی میڈیا کی جھوٹ پر مبنی مہم، غیر ذمہ دارانہ جنگی جنون کے خلاف آہنی دیواربنا رہا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہم اپنے سفارتی عملے کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں،
سفارتی عملے نے عالمی فورمز پر پاکستان کے موقف کی مؤثر نمائندگی کی،  اپنے سائنسدانوں، انجینئرز کا شکریہ جنھوں نے مقامی، خصوصی نوعیت کی ٹیکنالوجیز تیار کیں، یہ ٹیکنالوجیز آپریشن "بنیان مرصوص" کی شاندار کامیابی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

مسلح افواج اپنے سیاسی رہنماؤں کی انتہائی شکر گزار ہیں، سیاسی رہنماؤں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے یکجہتی کے عزم کا مظاہرہ کیا، مسلح افواج خاص طور پر رہنمائی کیلئے وزیراعظم اور ان کی کابینہ کےارکان کی شکر گزار ہیں، وزیراعظم اور کابینہ نے ملک کیلئے تقدیر بدلنے والے فیصلے کیے،  وزیراعظم اور کابینہ نے اس نازک صورتحال سے نکالنے میں قائدانہ کردار ادا کیا۔

قومی خبریں سے مزید