البرٹ آئن سٹائن کی زندگی کے چند دلچسپ حقائق

March 14, 2023

البرٹ آئن سٹائن، فائل فوٹو

معروف سائنسدان البرٹ آئن سٹائن جنہیں’فادر آف ماڈرن فزکس‘ کہا جاتا ہے، 14 مارچ 1879ء کو جرمنی کے شہر اولم میں اشکنازی یہودیوں کے ایک خاندان میں پیدا ہوئے۔

البرٹ آئن سٹائن کے والد ہرمن آئنسٹائن ایک سیلز مین اور انجینئر تھے، 1880ء میں یہ فیملی اولم سے میونخ شفٹ ہو گئی۔

’فادر آف ماڈرن فزکس‘ کہلائے جانے والے نامور سائنسدان البرٹ آئن سٹائن کو اسکول میں لیٹریچر اور دیگر مضامین پڑھتے ہوئے بہت دشواری کا سامنا تھا جس کی وجہ سے اُنہیں اسکول سے نکال دیا گیا تھا۔

البتہ، البرٹ آئن سٹائن ریاضی میں بہت مہارت رکھتے تھے یہی وجہ ہے کہ اُنہوں نے صرف 12 سال کی عمر میں گرمیوں کے موسم میں الجبرا اور یوکلیڈین جیومیٹری سیکھ لی تھی۔

اس کے بعد اُنہوں نے اپنے والد سے تحفے میں ملنے والےایک کمپاس سے متاثر ہوکر صرف 16 سال کی عمر میں مقناطیسی قوت پر اپنا پہلا علمی مقالہ لکھا۔

البرٹ آئن سٹائن نے’Conclusions from Capillarity Phenomena‘ کے عنوان سے1900ء میں اپنا پہلا مقالہ شائع کروایا اور 1905ء میں فزکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرلی۔

اُنہوں نے 1905ء میں فوٹو الیکٹرک افیکٹس، براؤنین موشن، اسپیشل ریلیٹیویٹی، اور ماس اور انرجی کی مساوات پر چار اہم مقالے شائع کروائے اور اس سال کو آئن سٹائن کے ’معجزوں کا سال‘بھی کہا جاتا ہے۔

1925ء میں، البرٹ آئن اسٹائن کو تھیوری آف ریلیٹیویٹی اور کوانٹم تھیوری بنانے کے لیے ان کی خدمات پر رائل سوسائٹی آف لندن کے ممتاز کوپلے میڈل سے نوازا گیا تھا۔

اُنہیں سب سے زیادہ شہرت تھیوری آف ریلیٹیویٹی اور ماس- انرجی ایکیویویلنس فارمولا (E = mc2) کو تیار کرنے کے لیے ملی۔

البرٹ آئن اسٹائن کو1921ء میں تھیوریٹِکل فزکس کے لیے بہترین خدمات اور لاء آف فوٹو الیکٹرک افیکٹس کی دریافت پر نوبل انعام سے بھی نوازا گیا۔

البرٹ آئن سٹائن کی نجی زندگی کے حوالے سے بات کی جائے تو اُنہوں نے جنوری 1903ء میں میلیوا مارک نامی ایک لڑکی سے شادی کی لیکن ان کی یہ شادی زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکی اور 1919ء میں طلاق ہو گئی۔

سائنسدان کی پہلی شادی کی ناکامی کی وجہ ان کی اپنی کزن ایلسا کے لیے دلچسپی تھی، طلاق کے فوراََ بعد 1919ء میں ہی اُنہوں نے اپنی کزن ایلسا لوونتھل سے شادی کرلی تھی، جن کا گردوں کی بیماری کی وجہ سے 1936ء میں انتقالہوگیا تھا۔

البرٹ آئن سٹائن کو مبینہ طور پر موسیقی بہت پسند تھی اور ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ سائنسدان نہ ہوتے تو شاید موسیقار ہوتے۔

17 اپریل 1955ء میںالبرٹ آئن سٹائن کا 76 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا۔

البرٹ آئن اسٹائن کے مشہور اقوال:

آج البرٹ آئن اسٹائن کی سالگرہ کے موقع پر ان چند مشہور اقوال پر ایک نظر ڈال لیتے ہیں۔

1- زندگی میں دو چیزیں لامحدود ہیں: کائنات اور انسانی حماقت

2- اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے بچے ذہین ہوں تو انہیں پریوں کی کہانیاں پڑھنے دیں اور اگر آپ چاہتے ہیں کہ وہ زیادہ ذہین ہوں تو انہیں مزید پریوں کی کہانیاں پڑھنے دیں۔

3-زندگی بالکل ایک سائیکل پر سواری کرنے کی طرح ہے کیونکہ اپنا توازن برقرار رکھنے کے لیے انسان کو ہمیشہ حرکت کرتے رہنا پڑتا ہے۔

4- ایک ہوشیار شخص مسئلے کا حل تلاش کرتا ہے لیکن ایک عقلمند شخص ہمیشہ مسئلے سے بچتا ہے۔