حکومتی رہنمائی، قانونی مشاورت مکمل کرکے نجم سیٹھی دبئی روانہ

March 19, 2023

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین قانونی مشاورت اور حکومتی رہنمائی لینے کے بعد ہفتے کی شب لاہور سے دبئی روانہ ہوگئے۔ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل اور ایشین کرکٹ کونسل اجلاسوں میں وہ پاکستان کا موقف رکھیں گے تاکہ پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی کرے۔ ہفتے کوپریس کانفرنس میں نجم سیٹھی نے کہا کہ میں پاکستان کا موقف دے چکا ہوں ابھی تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہے۔ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لئے قانونی مشاورت بھی کر لی ہے ۔میں نے اپنے طور پر بھی رابطے مکمل کر لئے ہیں۔ بھارتی بورڈ اور اے سی سی حکام سے الگ الگ میٹنگ بھی کروں گا۔ اداروں اور حکومت سے بات ہوتی رہتی ہے وہ کرکٹ میں سیاست نہیں لانا چاہتے وہ ہمیں خود فیصلے کرنے کا کہتے ہیں ۔ اگر ایک دو ممالک سیاست لاتے ہیں تو پھر ہمیں بھی اس لانا پڑتا ہے ہم اپنا موقف مضبوط انداز میں پیش کریں گے دیکھتے ہیں دوسروں کا کیا موقف ہے اور ہمارے موقف کی کون تائید کرتا ہے۔ اگر پاکستان بھارت جاتا ہے کہ تو ہم اپنے سیکورٹی معیار کی بات کریں گے سیکورٹی کے علاوہ میڈیا کو جانے کی اجازت دینے کی بات کریں گے، ماضی میں ہمارے ساتھ کھیلنے کا معاہدہ کیاکیا ۔ ہمارا تب کیس بہت مضبوط تھا میں اس امید کے ساتھ جا رہا ہوں کہ ہمارے موقف کو تائید ملے گی۔ افغانستان کے خلاف ایک میچ دیکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کنسلٹنٹ یہاں سیکورٹی سے مطمئن ہیں، مشکلات ضرور ہیں لیکن آئندہ برسوں میں مشکلات کم ہوں گی۔ کئی برسوں میں ہوٹل اور اسٹیڈیم کی گنجائش کے حوالے سے کوئی کام نہیں ہوا۔ اس پراجیکٹ کو دوبارہ دیکھ رہا ہوں ، پنجاب حکومت کو خط لکھا ہے کہ اسٹیڈیم کے قریب بلڈنگ کو سیکورٹی کی وجہ روکا گیا ہے ، ہمیں اجازت دے دی جائے ہم سیکورٹی کا معاملہ خود دیکھیں گے۔