• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ کیلئے پاک بنگلہ دیش سیریز میں معمولی تاخیر کا امکان، پی ایس ایل شیڈول فرنچائزز کے حوالے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ ، پی ایس ایل ٹین کے بقیہ8 میچ 17سے 25مئی تک پنڈی اور قذافی اسٹیڈیم میں کرانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ پی ایس ایل کی وجہ سے بنگلہ دیش کی ٹی 20 سیریز میں معمولی ردو بدل کیا جائے گا۔ ممکنہ طور پر یہ سیریز تین چار دن کی تاخیر سے شروع ہوگی۔ پی ایس ایل شیڈول فرنچائز کوبھیجا گیا ہے، تاہم حتمی منظوری چیئرمین محسن نقوی دیں گے۔ اس سے قبل کھلاڑیوں کا ری پلیسمنٹ ڈرافٹ ہوگا کیوں کہ زیادہ تر غیر ملکی کھلاڑی اب پاکستان آنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ تاہم کچھ غیر ملکی پلیئرز دستیاب ہوں گے ۔ زیادہ تر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ٹورنامنٹ مکمل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پنڈی اسٹیڈیم میں دو دن میں دو ڈبل ہیڈر کراکر گروپ میچوں کو مکمل کرا لیا جائے گا۔ تینوں پلے آف اور فائنل لاہور میں ہوں گے۔ پی ایس ایل ری شیڈول ہونے کے باعث پاکستان اور بنگلہ دیش سیریز کے ابتدائی میچ تاخیر سے شروع ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اعلان شدہ شیڈول کے مطابق فیصل آباد میں دو میچ 25 اور 27 مئی کو کھیلے جانے ہیں جو آگے بڑھائے جاسکتے ہیں ۔ لاہور میں سیریز کے میچ 30 مئی یکم اور تین جون کو شیڈول ہیں۔ پی ایس ایل میچوں اور سیریز کے شیڈول کے حوالے سے پی سی بی کی اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچ 17 سے 25 مئی کے دوران کرائے جانے پر غور ہورہا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ لاجسٹک معاملات طے کئے جارہے ہیں۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی کے معاملات پر بات چیت جاری ہے۔ فرنچائزز غیر ملکی پلیئرز کو کھلانے کیلیے پُرعزم ہیں جبکہ عدم دستیابی پر ری پلیسمنٹ ڈرافٹ کی تجویز پر غور ہے۔ اتفاق رائے کے بعد شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔بقیہ میچوں کیلئے تمام فرنچائزز اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں اور چند کھلاڑیوں نے واپس آنے کی حامی بھی بھرلی ہے۔ قلندرز کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا ہے کہ ہمارا ایک میچ باقی ہے وہ جیت کر پلے آف میں جائیں گے ۔ بہت سے کھلاڑی دبئی سے اپنے گھروں کو چلے گئے لیکن چند غیر ملکی کھلاڑی اب بھی دستیاب ہیں، انٹرنیشنل کھلاڑیوں سے زیادہ ضروری لیگ کا مکمل ہونا ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی جارحیت کے باعث پی ایس ایل 10 کو پہلے امارات منتقل کردیا گیا تھا مگر پھر اسے چند گھنٹے بعد معطل کردیا گیا تھا۔ ملتان سلطانز 9 میں سے8 میچ ہارکر پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کوالیفائی کرچکی ہے، کراچی کنگز، پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے پلے آف میں پہنچنے کا فیصلہ بقیہ میچز کے دوران ہوگا۔