ایس پی ایل سے سندھ کے نوجوان کرکٹ ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر فروغ حاصل ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ

March 21, 2023

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نئی کرکٹ لیگ کا مقصد سندھ کے نوجوانوں کو با اختیار بنانا ہے۔

یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے قومی کرکٹر سرفراز احمد کی بولنگ پر شاٹ لگاکر سندھ پریمیئر لیگ (SPL)کا باقاعدہ آغاز کیا۔

تقریب میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ اور محکمہ اطلاعات شرجیل انعام میمن، وزیراعلیٰ سندھ کے خصوصی مشیر برائے قانون اور حکومت سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی، سابق قومی کرکٹرز، ایس پی ایل کے برانڈ ایمبیسیڈر اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

ایس پی ایل سندھ میں نوجوان کرکٹرز کی اپنی صلاحیتوں کو منوانے کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کررہا ہے جس کا مقصد صوبے سے عالمی معیار کے کرکٹرز تیار کرنا ہے۔ لیگ چھ ٹیموں پر مشتمل ہوگی جس میں بے نظیر آباد لالز، حیدرآباد بہادرز، کراچی غازیز، لاڑکانہ چیلنجرز، میرپورخاص ٹائیگرز اور سکھر پیٹریاٹس شامل ہیں۔

تقریب کے دوران ایس پی ایل کے صدر عارف ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی ایل کے پاس پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام ہے جو بالخصوص اندرون سندھ کے کھلاڑیوں کو تیار کرنے پر مرکوز ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سندھ پریمیئر لیگ کی نشریات 52 ممالک میں نشر کی جائے گی اور مستقبل میں 10000 ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے نوجوانوں اور معاشی ترقی کیلئے ایس پی ایل کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا سندھ پریمیئر لیگ صرف کھیلوں کیلئے نہیں ہے بلکہ ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے، انہیں بہترین کارکردگی کے مواقع فراہم کرنے اور سندھ کی بہترین اشیاء کی نمائش کے بارے میں بھی ہے۔ یہ ہمارے صوبے میں معاشی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سیاحت کے فروغ کا ایک پلیٹ فارم بھی ہے۔

وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اینڈ محکمہ اطلاعات شرجیل انعام میمن نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت سندھ کے غیر استعمال شدہ ٹیلنٹ کو فروغ دینے کیلئے لیگ کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

ترجمان سندھ حکومت اور وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے محکمہ قانون و پراسیکیوشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے حکومت سندھ کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس طرح کے کھیلوں کے مقابلوں کے ذریعے سندھ کے نوجوانوں کی ترقی پر پی ایس ایل جیسے مثبت اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جو کہ لاکھوں افراد کو اپنی طرف متوجہ کرنے کیلئے عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کریں گے۔

ایس پی ایل کے برانڈ ایمبیسیڈر شاہد آفریدی نے لیگ اور اس کے مشن کیلئے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے سندھ پریمیئر لیگ کا برانڈ ایمبیسیڈر ہونے کا اعزاز حاصل ہے جو میرے دل کے بہت قریب ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ایس پی ایل میں سندھ سے عالمی معیار کے کرکٹرز پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔ سندھ پریمیئر لیگ یو کے اینڈ یورپ کے سفیر فیصل سلیم خان نے ایس پی ایل کے پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کا روڈ میپ پیش کیا جو اندرون سندھ سے کرکٹرز کو انگلینڈ میں انٹرنیشنل کرکٹ اکیڈیمیز تک لے جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے پہلے ہی یورپ اور انگلینڈ کی بڑی کرکٹ اکیڈمیوں کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کیے ہیں۔ فیصل سلیم خان نے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو سرکاری ایس پی ایل جرسی بھی پیش کی اور تقریب میں شرکت کرنے پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

ایس پی ایل کے چیئرمین ملک اسلم نے اس شاندار تقریب رونمائی میں شرکت کرنے پر مہمان خصوصی اور معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللّٰہ کی جلد صحتیابی کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا جو کورونا کی وجہ سے تقریب میں شریک نہیں ہو سکے تھے، ان کی نمائندگی سیکرٹری کھیل اور امور نوجوانان نے کی۔

لیگ کو حکومت سندھ اور تاجر برادری کی حمایت حاصل ہے جو لیگ کو صوبے میں اقتصادی سرگرمیوں اور سیاحت کو فروغ دینے کے حامی ہیں۔ سندھ پریمیئر لیگ پاکستان کی کرکٹ میں ایک بہترین اضافہ ہونے کا ثبوت ہے اور حکومت سندھ، تاجر برادری اور ملک بھر کے کرکٹ شائقین کے تعاون سے ایک بڑا عالمی ایونٹ بننے جارہا ہے۔