طلاق کا مطلب یہ نہیں کہ میں شادی یا محبت کے خلاف ہوجاؤں، اذان سمیع خان

March 24, 2023

پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے گلوکار اور اداکار اذان سمیع خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں طلاق کے بعد کی زندگی اور بچوں کی پرورش کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

پوڈکاسٹ کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کی پرورش سنگل پیرنٹ کے طور پر کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے طلاق کے بعد کی زندگی کے حوالے سے بتایا کہ مشکل وقت میں ہی انسان کا اصل کردار بے نقاب ہوتا ہے کیونکہ اچھے وقت میں تو ہر کوئی مثبت کردار ہی ظاہر کرتا ہے۔

دوبارہ محبت اور شادی کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طلاق کا ہرگز مطلب یہ نہیں ہے کہ میں شادی یا محبت کے خلاف ہوجاؤں لیکن ظاہر ہے کہ اپنے پرانے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں کوئی فیصلہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میری کوشش یہ ہی ہوگی کہ جو غلطیاں پہلے ہوئیں وہ دوبارہ نہ ہوں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ کہ ان کی سابق اہلیہ کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں کہ ان کی طلاق کا ان کے بچوں پر اثر نہ ہو، وہ خوش رہیں۔

واضح رہے کہ اذان سمیع خان کی صوفیا بلگرامی سے 2014 میں شادی ہوئی تھی جو کچھ عرصہ ہی چل سکی، ان کے دو بچے ہیں، ایک 9 سال کا بیٹا ابراہیم اور دوسری 7 سالہ بیٹی لیلی۔