لبنان بہت خطرناک موڑ پر ہے، آئی ایم ایف نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

March 24, 2023

احتجاجی مظاہرین حکومت سے بدترین معاشی بحران کے حل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ بحرانوں میں گِھرا لبنان اس وقت بہت خطرناک موڑ پر ہے، بےعملی کی پالیسی جاری رہی تو نا ختم ہونے والا بحران ہوگا۔

آئی ایم ایف وفد نے لبنان میں اصلاحاتی عمل پر سست روی پر تنقید کی جس کی وجہ سے اربوں ڈالر کے قرضے رکے ہوئے ہیں۔

لبنان اور آئی ایم ایف کے درمیان معیشت کو بچانے کیلئے پچھلے سال اپریل میں 3 ارب ڈالر کا ایک مشروط معاہدہ ہوا تھا۔

عالمی مالیاتی ادارے نے قرض کی ادائیگی کئی اقدامات سے مشروط کی تھی جس میں ملک بھر میں ایک ایکسچینج ریٹ نافذ کرنا، بینک رازادری قانون میں اصلاحات، بینکنگ سیکٹر کی ازسرنو تشکیل اور سرمائے پر کنٹرول نافذ کرنا شامل تھے۔

لیکن معاہدے کے ایک سال بعد بھی لبنانی حکام شرائط پر عمل درآمد نہیں کرسکے ہیں۔

بیروت جانے والی آئی ایم ایف وفد کے سربراہ ارنیسٹو رامیریز ریگو نے کہا کہ لبنان بہت خطرناک موڑ پر ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بےعملی کی یہی پالیسی جاری رہی تو لبنان میں نا ختم ہونے والا بحران آجائے گا۔

واضح رہے کہ لبنان میں آنے والے معاشی تباہی کو ورلڈ بینک نے حالیہ عالمی تاریخ کی بدترین قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ اس وقت سرکاری طور پر ایک امریکی ڈالر کی قیمت 15 ہزار لبنانی پاؤنڈ ہے۔